تاریخ اشاعت: July 31, 2026 - 1:03 PM
Real Estate CEOs Conference: High Rise Development Essential for Pakistan’s Urban Future
فنانس ایکٹ 27-2026: جائیداد کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کی نئی شرحیں نافذ، متعدد ٹیکس قوانین میں اہم تبدیلیاں
▫️جائیداد کی فروخت پر 2.75 فیصد اور خریداری پر 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس مقرر، فنانس ایکٹ کے تحت دوسرے شیڈول میں بھی ترامیم
وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 27-2026 کے تحت غیر منقولہ جائیداد (رئیل اسٹیٹ) کی خرید و فروخت سے متعلق ایڈوانس ٹیکس کی نئی شرحیں نافذ کر دی ہیں۔ نئے قانون کے مطابق جائیداد کی فروخت اور خریداری پر وصول کیے جانے والے ایڈوانس ٹیکس میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ بعض دیگر ٹیکس شرحوں میں کمی، ایک ٹیکس ڈویژن کے خاتمے اور متعدد فلاحی اداروں کو ٹیکس چھوٹ کے دائرہ کار میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
فنانس ایکٹ کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس میں کی گئی ترامیم کے مطابق سیکشن 236C کے تحت غیر منقولہ جائیداد کی فروخت یا منتقلی پر وصول کیا جانے والا ایڈوانس ٹیکس اب مجموعی فروخت کردہ قیمت (گراس کنسیڈریشن) کا 2.75 فیصد ہوگا۔ یہ ٹیکس جائیداد کی فروخت یا ملکیت کی منتقلی کے وقت وصول کیا جائے گا۔
اسی طرح سیکشن 236K میں ترمیم کے بعد جائیداد کی خریداری پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح فیئر مارکیٹ ویلیو کا 1.25 فیصد مقرر کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جائیداد کے لین دین کے نظام کو مزید شفاف بنانا اور ٹیکس وصولی کے عمل کو مؤثر بنانا بتایا جا رہا ہے۔
فنانس ایکٹ کے مطابق ٹیکس قوانین کے مختلف حصوں میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ڈویژن XXV/I کے تحت پہلے عائد 5 فیصد ٹیکس کی شرح کو کم کر کے 0.5 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈویژن XA کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جس سے متعلقہ ٹیکس نظام میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔
دوسری جانب فنانس ایکٹ کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس کے دوسرے شیڈول میں بھی ترامیم کی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے تحت نیشنل اینڈومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ (NEST) کی جگہ پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کو شامل کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی شعبے میں حکومتی معاونت کے نئے ڈھانچے کو قانونی حیثیت دی جا سکے۔
مزید برآں حکومت نے متعدد فلاحی اور عوامی خدمت انجام دینے والے اداروں کو بھی ٹیکس چھوٹ کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ ان اداروں میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی، شاہین فاؤنڈیشن (پاک فضائیہ)، دعوۃ الندیہ، بحریہ فاؤنڈیشن (پاک بحریہ) اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (SIUT) شامل ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد فلاحی، تعلیمی اور صحت کے شعبوں میں خدمات انجام دینے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ماہرین کے مطابق جائیداد کی خرید و فروخت پر نئی ایڈوانس ٹیکس شرحیں ریئل اسٹیٹ مارکیٹ، سرمایہ کاروں اور خریداروں کے مالی معاملات پر براہِ راست اثر انداز ہوں گی، جبکہ دیگر ٹیکس اصلاحات سے ٹیکس نظام کو مزید منظم اور آسان بنانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے