تاریخ اشاعت: July 17, 2026 - 11:45 AM
Questions Raised Over Rs20 Billion E Gate Project as Transparency International Urges PM to Suspend Contract and Order Investigation
20 ارب روپے کے ای گیٹ منصوبے پر سوالات، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے وزیراعظم سے معاہدہ روکنے اور تحقیقات کا مطالبہ کر دیا
▫️ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مبینہ طور پر مسابقتی ٹینڈرنگ ترک کرکے ایک ہی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کی راہ اختیار کی، خریداری قوانین کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات ضروری قرار: خط میں موقف
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے تقریباً 20 ارب روپے مالیت کے ای گیٹ منصوبے پر کاروباری شفافیت، کارپوریٹ گورننس اور سرکاری خریداری کے قواعد سے متعلق نئے سوالات سامنے آ گئے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی مجوزہ منظوری فوری طور پر روکی جائے اور معاہدے کے پورے عمل کی اعلیٰ سطح پر آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی کا تعین کیا جا سکے۔
ادارے کے مطابق اسے موصول ہونے والی شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004 کے رول 42(f) کا سہارا لیتے ہوئے بین الاقوامی اوپن مسابقتی ٹینڈرنگ کا عمل ترک کر دیا اور منصوبہ ایک ہی نجی کمپنی کو دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا مؤقف ہے کہ اتنے بڑے مالیاتی حجم اور حساس نوعیت کے منصوبے میں کھلی مسابقت سرمایہ کاروں کے اعتماد، بہترین قیمت کے حصول اور شفاف حکمرانی کیلئے بنیادی شرط سمجھی جاتی ہے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ ای گیٹس، بائیومیٹرک تصدیق اور پاسپورٹ ویریفکیشن سسٹم کیلئے 2020 میں بین الاقوامی ٹینڈر طلب کیے گئے تھے، تاہم اس وقت کوئی معاہدہ نہ ہو سکا۔ بعد ازاں 2024 میں دوبارہ اظہار دلچسپی طلب کیا گیا اور تین کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، لیکن بعد میں مسابقتی عمل کو ترک کرکے رول 42(f) کے تحت ایک ہی کمپنی کو منصوبہ دینے کی تجویز سامنے آئی۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ رول کا استعمال صرف غیر معمولی حالات، ہنگامی صورتحال، عوامی مفاد یا حکومت سے حکومت اور سرکاری اداروں کے درمیان خریداری جیسے مخصوص معاملات میں کیا جا سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق موجودہ منصوبہ 24 ماہ پر محیط ہے اور اب تک ایسی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں لائی گئی جس سے مسابقتی عمل ختم کرنے کا جواز ثابت ہو سکے۔
کارپوریٹ گورننس کے تناظر میں ادارے نے متعلقہ کمپنی کی قانونی اور ریگولیٹری اہلیت پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ خط کے مطابق ابتدائی جانچ میں کمپنی کی ایس ای سی پی رجسٹریشن، ایف بی آر کی ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ، سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور پاکستان انجینئرنگ کونسل میں اندراج سے متعلق مطلوبہ شواہد سامنے نہیں آئے، حالانکہ ایسے منصوبوں میں یہ تقاضے اہم تصور کیے جاتے ہیں۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگر ایک غیر ملکی کمپنی کی غیر مطلوبہ تجویز کے تحت مسافروں کی معلومات اور پیسنجر نیم ریکارڈ سسٹم پر عمل درآمد کیا گیا تو سیکیورٹی سرچارج کی مد میں مسافروں پر سالانہ 50 ارب روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ ادارے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک منصوبے کو معطل رکھا جائے اور اگر قواعد کی خلاف ورزیاں ثابت ہوں تو منصوبہ صرف شفاف، کھلے اور بین الاقوامی مسابقتی ٹینڈر کے ذریعے آگے بڑھایا جائے، جبکہ ذمہ دار افسران کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔