تاریخ اشاعت: April 8, 2026 - 3:50 PM
Punjab CM Meets Chinese Business Delegation, Agrees to Launch Solar Panel Manufacturing in Lahore
وزیراعلیٰ پنجاب سے چین کے معروف کاروباری ادارے کے وفد کی ملاقات، لاہور میں سولر پینل مینوفیکچرنگ شروع کرنے پر اتفاق
▫️انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کے لئے ”سٹارٹ ٹو ڈے“ پالیسی پر عمل پیرا ہیں، مریم نواز
لاہور | ری نیوز پاکستان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین کے معروف کاروباری اداروں کنلون گروپ اور سندر گرین گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سندر گرین ...
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین کے معروف کاروباری اداروں کنلون گروپ اور سندر گرین گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سندر گرین گروپ اور کنلون گروپ کے اشتراک سے لاہور میں سولر پینل مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ کنلون گروپ کی جانب سے 50 ہزار پاکستانی طلباء کو چین میں ایڈوانس ووکیشنل اور انڈسٹریل ٹریننگ فراہم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں باہمی اشتراک سے ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جبکہ پنجاب میں کوئلے سے پیٹروکیمیکل مصنوعات حاصل کرنے کی جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت بزنس نہیں بلکہ بزنس مین کو سپورٹ کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران اصلاحات پر توجہ دی گئی ہے اور اب پنجاب سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین صوبہ بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سولر توانائی کی بڑی مارکیٹ موجود ہے اور توانائی بحران کے باعث سولر پر منتقل ہونے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ بریفنگ کے مطابق اس منصوبے سے پنجاب میں تقریباً 18 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ملاقات میں انر منگولیا کول مائن کے سی ای او وانگ جین ہنان شنگ، انویسٹمنٹ کمپنی کے سی ای او ژاؤ گانگ بو، سندر گرین گروپ کے چیئرمین محمد عابد، سی ای او عظیم افتخار، ڈائریکٹر رانا فیصل حیات اور اوسس کے سی ای او دانش احمد بھی شریک تھے۔