لاہور | ری نیوز پاکستان
پاکستان کے معروف کاروباری گروپ ہاشو گروپ کے ہاسپٹیلٹی ڈویژن، پی سی ہاسپٹیلٹی، نے طویل مدتی قیام اور برانڈڈ رہائشی سہولتوں کیلئے نیا برانڈ ’ہوٹل ون لیونگ‘ (Hotel One Living) متعارف کرا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں ایسے کاروباری افراد، پیشہ ور ملازمین، مسافروں اور خاندانوں کو رہائش کی جدید سہولتیں فراہم کرنا ہے جنہیں روایتی ہوٹل بکنگ کے مقابلے میں زیادہ عرصے کیلئے قیام کی ضرورت ہوتی ہے۔
پی سی ہاسپٹیلٹی کی جانب سے 19 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہوٹل ون لیونگ کو پاکستان کے مڈ اسکیل ایکسٹینڈڈ اسٹے اور برانڈڈ ریزیڈنسز کے شعبے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔ کمپنی اس نئے برانڈ کے ذریعے ہوٹلنگ اور رہائشی رئیل اسٹیٹ کے درمیان موجود مارکیٹ میں اپنی خدمات کو وسعت دینا چاہتی ہے۔
کمپنی کے مطابق ہوٹل ون لیونگ میں اپارٹمنٹ جیسی کشادگی، نجی زندگی کے تحفظ اور گھریلو ماحول کو ہوٹل کی پیشہ ورانہ خدمات، سکیورٹی، صفائی اور دیگر سہولتوں کے ساتھ یکجا کیا جائے گا۔
یہ تصور خاص طور پر ان افراد کیلئے تیار کیا گیا ہے جو ملازمت، کاروباری ذمہ داریوں، تبادلے یا دیگر وجوہات کی بنا پر کسی دوسرے شہر میں طویل عرصے تک قیام کرتے ہیں اور انہیں ایسے رہائشی انتظامات کی ضرورت ہوتی ہے جہاں روزمرہ زندگی اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں باآسانی جاری رکھی جاسکیں۔
نئے برانڈ کے تحت رہائشی یونٹس میں کشادہ لیونگ ایریاز، کام کرنے کیلئے مخصوص جگہوں اور روزمرہ ضروریات سے متعلق سہولتوں پر توجہ دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس تصور میں رہائشی آزادی اور روایتی ہوٹل کی خدمات کے درمیان توازن قائم رکھا گیا ہے۔
پی سی ہاسپٹیلٹی کے مطابق ہوٹل ون لیونگ کو ملک کے اہم کاروباری مراکز اور کمرشل علاقوں میں متعارف کرانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ کارپوریٹ سیکٹر، کاروباری مسافروں اور طویل مدتی رہائش کے خواہشمند خاندانوں کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ہاشو گروپ کے ہاسپٹیلٹی ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر باسٹین بلانک نے نئے برانڈ کے اجراء کے موقع پر کہا کہ آج کے مسافروں اور طویل قیام کرنے والے افراد کی ضروریات روایتی ہوٹل کے ایک کمرے تک محدود نہیں رہیں۔ان کے مطابق ایسے افراد اب کشادہ اور بہتر انداز میں ڈیزائن کی گئی رہائشی جگہوں کو ترجیح دیتے ہیں جہاں وہ اپنی روزمرہ سرگرمیاں انجام دے سکیں، پیشہ ورانہ امور پر توجہ دے سکیں اور ذاتی آرام و سکون بھی حاصل کرسکیں۔
باسٹین بلانک نے کہا کہ پی سی ریزیڈنسز کو لگژری رہائشی شعبے میں ملنے والے مثبت ردعمل کے بعد کمپنی اسی نوعیت کی رہائشی سہولتیں مڈ اسکیل مارکیٹ تک پہنچانا چاہتی ہے۔