تاریخ اشاعت: November 26, 2026 - 12:01 PM
Karachi Industrial Park Gets SEZ Status as PIDC Proposed to Develop 6,409-Acre Project
کراچی انڈسٹریل پارک کو خصوصی اقتصادی زون کا درجہ مل گیا، 6 ہزار 409 ایکڑ کے منصوبے کی ترقی کے لیے پی آئی ڈی سی کی تقرری تجویز
▫️ بلاک اے میں ترقیاتی کام 52 فیصد مکمل، فنڈز کی کمی اور اراضی کے مسائل کے باعث باقی ماندہ کاموں میں تاخیر
فیڈرل اسپیشل اکنامک زونز اتھارٹی (ایف ایس ای زیڈ اے) نے پاکستان اسٹیل ملز کی 6 ہزار 409 ایکڑ اراضی پر قائم کراچی انڈسٹریل پارک کے لیے پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی آئی ڈی سی) کو عارضی طور پر مرکزی ڈویلپر مقرر کرنے کی تجویز پیش ...
پی آئی ڈی سی پہلے ہی کراچی انڈسٹریل پارک کے 557 ایکڑ پر مشتمل بلاک اے میں 7 ارب 40 کروڑ 40 لاکھ روپے کی سرکاری مالی معاونت سے ترقیاتی کام کررہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق منصوبے پر مجموعی جسمانی پیش رفت 52 فیصد جبکہ مالیاتی پیش رفت 31 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر 70 فیصد، نکاسی آب اور سیوریج کے کام 80 فیصد جبکہ پانی کی فراہمی کے نیٹ ورک پر 75 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ تاہم بجلی کے بنیادی ڈھانچے، گیس کی تقسیم اور فنڈز کی فراہمی میں تاخیر اہم مسائل ہیں۔ منصوبے کی تکمیل جون 2027 تک مقرر ہے، جبکہ ترقیاتی کام تیز کرکے مارچ 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق کراچی انڈسٹریل پارک کے 88 فیصد صنعتی پلاٹوں کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے لیٹرز آف انٹینٹ موصول ہوچکے ہیں، جو منصوبے میں سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔ تاہم اراضی کی منتقلی کے زیر التوا معاملات، بنیادی ڈھانچے کی منظوریوں اور مالی وسائل کی کمی کے باعث ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ اتھارٹی نے باقی ماندہ تقریباً 79 کروڑ 66 لاکھ 30 ہزار روپے کے فنڈز جاری کرنے اور ضروری یوٹیلٹی سہولتوں و رابطہ سڑکوں کی تکمیل کے لیے متعلقہ محکموں سے رابطہ بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ صنعتی پلاٹوں کی قیمتوں اور الاٹمنٹ کی شرائط کو حتمی شکل دینے کے بعد متعلقہ وفاقی اداروں کی منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگا، جس کے بعد پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا عمل شروع کیا جاسکے گا۔