تاریخ اشاعت: June 15, 2026 - 2:15 PM
Budget a Positive Step Toward Economic Stabilisation and Growth: Pakistan Business Council
بجٹ معاشی استحکام اور ترقی کی جانب مثبت قدم ہے: پاکستان بزنس کونسل کا ردعمل
▫️کاروباری ادارے نے ترقی کے تسلسل کیلئے پالیسی استحکام اور سٹرکچرل اصلاحات پر مسلسل توجہ کو ناگزیر قرار دے دیا
پاکستان بزنس کونسل نے وفاقی بجٹ 27-2026 میں اعلان کردہ متعدد ترقی دوست اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کے مطابق بجٹ میں شامل اقدامات اس بات کے واضح اشارے ہیں کہ پائیدار اور جامع معاشی ترقی اب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہو رہی ہے۔
ان اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان بزنس کونسل نے زور دیا کہ ترقی کے تسلسل کے لیے پالیسیوں کا تسلسل اور سٹرکچرل اصلاحات پر مسلسل توجہ انتہائی ضروری ہے۔
بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان بزنس کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر زیلاف منیر نے کہا کہ یہ بجٹ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ توجہ بتدریج پائیدار معاشی ترقی کی جانب منتقل ہو رہی ہے، جو کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں دونوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عملی مشکلات اور محدود مالی گنجائش کے باوجود اعلان کردہ ریلیف اقدامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ معاشرے کے تمام طبقات کے لیے پیداواری معاشی سرگرمیوں کو سہارا دینے کی ایک جامع کوشش کی گئی ہے، جبکہ اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹر زیلاف منیر کے مطابق یہ اقدامات خوش آئند اور بامعنی ہیں، تاہم انہیں حتمی منزل کے بجائے ضروری ابتدائی اقدامات کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کا تسلسل ہی اصل کلید ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید قریشی نے کہا کہ یہ بجٹ ایک اہم پیغام دیتا ہے کہ حکومت پاکستان کی باضابطہ معیشت کے سٹیک ہولڈرز کی بات سن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپر ٹیکس کے معاملے پر پیش رفت، تنخواہ دار طبقے کے لیے ریلیف اور برآمدی آمدنی پر ٹیکس بوجھ کم کرنے جیسے اقدامات خوش آئند ہیں، کیونکہ ان سے برآمد کنندگان کی لیکویڈیٹی بہتر ہوگی۔
جاوید قریشی کے مطابق یہ وہ امور ہیں جنہیں پاکستان بزنس کونسل پالیسی سازوں کے ساتھ اپنی بات چیت میں مسلسل اجاگر کرتی رہی ہے، اس لیے ان پر بامعنی پیش رفت دیکھنا حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر وزیراعظم کی ذاتی وابستگی اور وزارتِ خزانہ کی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بجٹ اعلانات سے عمل درآمد کے مرحلے تک یہ مشاورتی اور اشتراکی طرزِ عمل جاری رہے گا۔
پاکستان بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اہداف کے حصول کے لیے حکومت اور صنعت کے درمیان مضبوط شراکت داری انتہائی ضروری ہوگی۔