تاریخ اشاعت: August 3, 2026 - 11:35 AM
Brookfield Properties Rebrands Globally as Real Estate Business Adopts BGRE Name
بروک فیلڈ پراپرٹیز کی عالمی سطح پر نئی شناخت، جائیداد کا کاروبار اب بی جی آر ای کے نام سے چلے گا
▫️نئی شناخت کے تحت دفاتر، رسد و ترسیل کے مراکز، ہوٹلوں، رہائشی اور خوردہ تجارتی جائیدادوں پر مشتمل عالمی کاروبار اور عملہ بدستور برقرار رہے گا
عالمی جائیداد کمپنی بروک فیلڈ پراپرٹیز نے اپنا نام تبدیل کرکے بی جی آر ای رکھ دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق نئی شناخت فوری طور پر نافذ ہوگئی ہے اور اس کا مقصد عالمی جائیداد کاروبار کی مسلسل ترقی، وسیع کاروباری دائرۂ کار اور مختلف مارکیٹوں میں بڑھتی ہوئی موجودگی کی بہتر نمائندگی کرنا ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ نام کی تبدیلی سے اس کی کاروباری سرگرمیوں، موجودہ منصوبوں یا ملازمین پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بی جی آر ای اسی عملے، انتظامی ڈھانچے اور طویل مدتی کاروباری حکمت عملی کے ساتھ کام جاری رکھے گی جو کئی دہائیوں سے بروک فیلڈ پراپرٹیز کی شناخت رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق بی جی آر ای کسی مکمل نام کے ابتدائی حروف کا مخفف نہیں بلکہ عالمی منڈی کے لیے ایک نئی اور مختصر کاروباری شناخت ہے۔ نام اور شناخت کی تبدیلی کا مقصد کمپنی کو مختلف ملکوں اور جائیداد کے شعبوں میں ایک ہی نام کے تحت زیادہ واضح انداز میں پیش کرنا ہے۔
بی جی آر ای دنیا بھر میں دفاتر، رسد و ترسیل کے مراکز، ہوٹلوں، رہائشی عمارتوں اور ریٹیل تجارتی مقامات کی تعمیر اور انتظام کرتی ہے۔ کمپنی ایسے بڑے منصوبوں پر بھی کام کرتی ہے جہاں دفاتر، رہائش، خریداری، تفریح اور ہوٹلنگ کی سہولتیں ایک ہی مقام پر فراہم کی جاتی ہیں۔
کمپنی کی نئی ویب سائٹ کے مطابق بی جی آر ای دنیا بھر میں 33 کروڑ مربع فٹ سے زیادہ جائیداد کا انتظام کرتی ہے۔ اس کے عالمی اثاثہ جاتی مجموعے میں ایک ہزار 400 سے زیادہ جائیدادیں شامل ہیں، جبکہ کمپنی کے دو ہزار سے زیادہ ملازمین مختلف ملکوں میں کام کررہے ہیں۔ اس کا کاروبار پانچ براعظموں تک پھیلا ہوا ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ نئی شناخت اس کے سات دہائیوں پر محیط تجربے کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل کی ترقی کی نمائندگی کرتی ہے۔ بی جی آر ای کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور دیگر شراکت داروں کے لیے پراپرٹی پراجیکٹس کی تیاری، تعمیر، انتظام اور روزمرہ سرگرمیوں سے متعلق خدمات جاری رکھے گی۔
بروک فیلڈ کے پراپرٹی بزنس نے حالیہ برسوں میں امریکا سے باہر اپنی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ خصوصاً ایشیا بحرالکاہل اور مشرق وسطیٰ کی منڈیوں میں نئی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جارہی ہے۔ کمپنی دبئی، لندن، سڈنی، ٹورنٹو، شنگھائی، برلن اور دیگر بڑے شہروں میں موجود ہے۔