تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 4:23 PM
Rs 521 Million Bagh e Shaheedan Park Project in Murree, PHA Orders Timely Completion
مری میں 52 کروڑ روپے کا باغ شہیداں پارک منصوبہ، پی ایچ اے کی کام مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت
▫️40 کنال پر پارک میں فوڈ کورٹ، سٹیک ہاؤس، ڈانسنگ فاؤنٹین اور جدید ہارٹیکلچر سہولیات شامل، تعمیراتی معیار یقینی بنانے کا حکم
مری : ریاض حسین ری نیوز پاکستانمینیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور احمد عثمان جاوید نے مری کا دورہ کرتے ہوئے مختلف پارکس اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور باغ شہیداں پارک کے تعمیراتی کام کو مقر...
مینیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور احمد عثمان جاوید نے مری کا دورہ کرتے ہوئے مختلف پارکس اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور باغ شہیداں پارک کے تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ایم ڈی پی ایچ اے نے زیر تعمیر باغ شہیداں پارک کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، فزیکل و فنانشل پراگریس اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر شفیق رضا، ڈائریکٹر انجینئرنگ سماویہ اور کنٹریکٹر نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ باغ شہیداں پارک 40 کنال اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 521 ملین روپے ہے۔ پارک میں شہریوں اور سیاحوں کے لیے فوڈ کورٹ، سٹیک ہاؤس، ڈانسنگ فاؤنٹین اور ٹری پاٹس سمیت مختلف تفریحی اور عوامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ باغ شہیداں پارک میں خوبصورت ہارٹیکلچر ورک کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے مری آنے والے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے تفریحی مواقع میں اضافہ ہوگا۔
ایم ڈی پی ایچ اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اور تعمیرات کے دوران استعمال ہونے والے میٹیریل کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔ انہوں نے منصوبے کی تعمیراتی رفتار کے ساتھ معیار کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا۔
دورے کے دوران ایم ڈی پی ایچ اے نے پی آئی اے پارک مری اور بوٹینیکل گارڈن مری کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے پارک 17 کنال اراضی پر 300 ملین روپے کی لاگت سے پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔
احمد عثمان جاوید کے مطابق بوٹینیکل گارڈن مری کی تکمیل سے علاقے میں تفریحی سرگرمیوں اور شہریوں کے لیے قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مری میں جاری اور مکمل کیے گئے پارکس کے منصوبوں میں سہولیات، خوبصورتی اور ہارٹیکلچر کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔