تاریخ اشاعت: November 24, 2026 - 3:01 PM
Islamabad High Court Directs CDA to Decide Saidpur Village Residents' Petitions Within 30 Days
اسلام آباد ہائی کورٹ کی سی ڈی اے کو سیدپور گاؤں کے رہائشیوں کی درخواستوں پر 30 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت
▫️ عدالت کا آبائی گھروں کے تحفظ اور رہائشیوں کے حقِ معاوضہ پر زور، جبری بے دخلی کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ سیدپور گاؤں کے رہائشیوں کی درخواستوں پر وفاقی آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے اور متعلقہ قوانین کی روشنی میں 30 روز کے اندر فیصلہ کیا جائے۔
سماعت کے دوران سی ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اتھارٹی نے سیدپور کو ماڈل ولیج قرار دینے کا فیصلہ 2011 میں واپس لے لیا تھا۔ جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے سی ڈی اے کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس فیصلے کو 15 سال گزر چکے ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ کسی علاقے کو محض ماڈل ولیج قرار دینا رہائشیوں کے جائیداد سے متعلق حقوق کے تحفظ کے لیے کافی نہیں، جبکہ کئی دہائیوں سے آباد لوگوں کو ناجائز قابضین نہیں سمجھا جاسکتا۔ عدالت نے زور دیا کہ کسی بھی رہائشی کو زبردستی بے دخل نہیں کیا جاسکتا اور حکومت کو اراضی سے متعلق واضح معاہدے اور جامع منصوبہ بندی کرنی چاہیے تھی۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر رہائشیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل نہیں کیا جاسکتا، جبکہ معاوضے کی ادائیگی ان کا بنیادی حق ہے۔ جسٹس منہاس نے مجوزہ معاوضے کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواستیں نمٹاتے ہوئے معاملہ سی ڈی اے بورڈ کو بھجوا دیا اور ہدایت کی کہ رہائشیوں کے مطالبات اور قانونی حقوق کا جائزہ لے کر 30 روز کے اندر فیصلہ کیا جائے۔