تاریخ اشاعت: June 29, 2026 - 11:12 AM
Rawalpindi Ring Road Set to Open for Traffic in July After Completion of Major Construction Works
راولپنڈی رنگ روڈ جولائی میں ٹریفک کیلئے کھولنے کی تیاری، تعمیراتی کام آخری مرحلے میں داخل
▫️47 ارب روپے مالیت کے منصوبے پر صرف تکمیلی کام باقی، تکمیل کے بعد پنجاب حکومت افتتاحی تاریخ کا اعلان کرے گی
پنجاب حکومت کا 47 ارب روپے مالیت کا راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ آئندہ جولائی کے پہلے ہفتے میں ٹریفک کے لیے کھولے جانے کا امکان ہے۔ منصوبے پر اسفالٹ بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ اب صرف آخری مرحلے کا کام جاری ہیں۔
منصوبے کے حکام کے مطابق تعمیراتی سرگرمیاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں اور تمام باقی ماندہ کام ختم ہوتے ہی منصوبہ پنجاب حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا، جس کے بعد باقاعدہ افتتاحی تقریب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا اور رنگ روڈ کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر اشفاق سلہری بتایا کہ منصوبہ اپنی تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق تمام تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد پنجاب حکومت کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ افتتاح اور ٹریفک کی بحالی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس وقت لین مارکنگ، نکاسی آب کے نظام، حفاظتی باڑ، لینڈ سکیپنگ، ٹریفک سائن بورڈز اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب جیسے تکمیلی کام جاری ہیں، جبکہ لیمپ پوسٹس کی تنصیب آئندہ ایک ماہ کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے۔
38.3 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ جی ٹی روڈ پر بانٹھ سے شروع ہو کر تھلیاں تک جائے گی۔ یہ نئی شاہراہ راولپنڈی شہر کے گرد ایک تیز رفتار متبادل راستہ فراہم کرے گی، جس سے شہری علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح کے علاقوں کے درمیان آمدورفت مزید تیز اور آسان ہو جائے گی۔
منصوبے میں پانچ بڑے انٹرچینجز شامل ہیں، جن میں بانٹھ، میرا موہڑہ، خاصالہ، کولیاں پر اور تھلیاں شامل ہیں۔ یہ انٹرچینجز اہم شاہراہوں کو آپس میں جوڑتے ہوئے مسافر اور تجارتی ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنائیں گے۔
رنگ روڈ منصوبہ صرف ٹریفک کی بہتری تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے ساتھ ایک صنعتی زون بھی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس سے سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ حکام کے مطابق مرکزی منصوبے کی تکمیل کے بعد تھلیاں انٹرچینج پر مزید توسیعی کام بھی شروع کیا جائے گا۔
منصوبہ مکمل ہونے کے بعد راولپنڈی رنگ روڈ سے شہری ٹریفک میں نمایاں کمی، سفری اوقات میں بچت، تجارتی نقل و حمل میں بہتری اور راولپنڈی اسلام آباد خطے کی طویل المدتی شہری و معاشی ترقی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔