تاریخ اشاعت: May 9, 2026 - 5:58 PM
DG LDA Visits Railway Station and Misri Shah, Directs Acceleration of Work on Urban Regeneration Projects
ڈی جی ایل ڈی اے کا ریلوے اسٹیشن اور مصری شاہ کا دورہ، اربن ری جنریشن منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
▫️طاہر فاروق نے ریلوے اسٹیشن پارکنگ ایریا، ریلوے وال، فلائی اوور کے نیچے بیوٹیفکیشن اور گرینری کے کاموں کا جائزہ لیا
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق نے ریلوے اسٹیشن اور مصری شاہ کے علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اربن ری جنریشن منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی جی ایل ڈی اے نے ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا میں جاری کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پارکنگ ایریا پر جاری ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے پارکنگ ایریا میں سیٹنگ ایریاز، گرینری اور شہری سہولیات سے متعلق کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
طاہر فاروق نے ریلوے وال کی بیوٹیفکیشن اور فلائی اوور کے نیچے جاری خوبصورتی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن سے متعلق تمام کام معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر، منظم اور خوبصورت شہری ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے مصری شاہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کچا رحیم روڈ، عزیز روڈ اور اطراف کے علاقوں میں جاری اربن ری جنریشن کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبوں کی پیش رفت، ڈیزائن، فٹ پاتھ کی تعمیر، فساڈ اپ گریڈیشن اور دیگر ترقیاتی امور پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مصری شاہ کے اطراف بھی ریلوے اسٹیشن کی طرز پر ترقیاتی کام جاری ہیں، جن کے تحت املاک کے فساڈ کی اپ گریڈیشن، فٹ پاتھ کی بہتری، سڑکوں کے اطراف شہری سہولیات اور علاقے کی مجموعی خوبصورتی پر کام کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ مصری شاہ کے اطراف اربن ری جنریشن کے تحت مختلف نوعیت کے کام کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد پرانے شہری علاقوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا، پیدل چلنے والوں کے لیے سہولت پیدا کرنا اور لاہور کے اہم مقامات کو زیادہ منظم اور خوبصورت شکل دینا ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کاموں میں معیار، رفتار اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اسٹیشن اور مصری شاہ جیسے مصروف علاقوں میں شہری سہولیات کی بہتری نہ صرف ٹریفک اور پیدل آمد و رفت کو آسان بنائے گی بلکہ شہر کے مجموعی حسن میں بھی اضافہ کرے گی۔
اس موقع پر کنٹریکٹر، ایل ڈی اے اور نیسپاک کے افسران بھی موجود تھے۔