تاریخ اشاعت: September 28, 2026 - 12:35 PM
CDA Launches New Waste Management System for Islamabad, Rural Areas to Get First Phase Coverage
سی ڈی اے کا اسلام آباد میں نیا ویسٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں دیہی علاقوں میں صفائی آپریشن
▫️ ترک کمپنی کو 18 ارب روپے کا 4 سالہ ٹھیکہ، دیہی اسلام آباد میں 103 گاڑیاں اور 1,300 سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے
اسلام آباد : ری نیوز پاکستانکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں کچرے کی وصولی اور صفائی کا نیا نظام شروع کرنے کے لیے ایک ترک کمپنی کو لیٹر آف ایکسیپٹنس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت کے دیہی عل...
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں کچرے کی وصولی اور صفائی کا نیا نظام شروع کرنے کے لیے ایک ترک کمپنی کو لیٹر آف ایکسیپٹنس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں آپریشن شروع کیا جائے گا، جس کے بعد اسے شہری علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔
نئے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی 13 اکتوبر کو کریں گے۔ پہلے مرحلے کا مقصد دیہی اسلام آباد میں طویل عرصے سے درپیش کچرے کی ناقص وصولی اور صفائی کے مسائل کو حل کرنا ہے۔
سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی اور ترک کمپنی کے نمائندوں، جو اٹلس پاک ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے جوائنٹ وینچر کے تحت کام کر رہے ہیں، نے منصوبے کے آغاز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں ترک کمپنی کے نمائندوں نے آپریشنل منصوبہ، مشینری اور افرادی قوت کی تعیناتی سمیت سروسز کے آغاز سے متعلق انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کمپنی کو ہدایت کی کہ دیہی علاقوں کے مکینوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے آپریشن جلد از جلد شروع کیا جائے اور سروس ڈیلیوری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ترک کمپنی نے شہری اور دیہی دونوں پیکیجز حاصل کیے ہیں، تاہم سی ڈی اے نے پہلے دیہی اسلام آباد میں سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہری علاقوں میں نیا پیکیج بعد میں شروع کیا جائے گا جبکہ اس دوران سی ڈی اے اپنی موجودہ مشینری اور عملے کے ذریعے صفائی کا نظام چلاتا رہے گا۔
نئے نظام کے تحت دیہی علاقوں سے جمع ہونے والا کچرا سیکٹر آئی-11 میں قائم ٹرانسفر اسٹیشن منتقل کیا جائے گا، جہاں سے اسے راولپنڈی کے لاسر لینڈ فل سائٹ پہنچایا جائے گا۔
سی ڈی اے ٹرانسفر سٹیشن پر کچرے کی باقاعدہ علیحدگی کا نظام بھی متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ حکام کے مطابق ویسٹ مینجمنٹ کے وسیع تر منصوبے کے تحت ری سائیکلنگ پلانٹ بھی لگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس میں ری سائیکل ہونے والے پلاسٹک کو مین ہول کورز کی تیاری میں استعمال کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق دیہی اسلام آباد کے مکینوں کو آئندہ ماہ سے صفائی کی سہولیات میں نمایاں بہتری نظر آنے کی توقع ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 103 گاڑیاں اور 1,300 سے زائد یونیفارم میں ملبوس اہلکار کچرا اٹھانے اور صفائی سے متعلق آپریشنز پر مامور کیے جائیں گے