تاریخ اشاعت: May 8, 2026 - 12:40 PM
USA: Mortgage Rates Hit One Month High as First Time Homebuyers Retreat from Market
امریکا: مارگیج شرح سود ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر، پہلی بار گھر خریدنے والے مارکیٹ سے پیچھے ہٹنے لگے
▫️گھریلو قرضوں کا اوسط حجم 4 لاکھ 67 ہزار 300 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا، کم قیمت گھروں کے خریداروں پر مالی دباؤ میں اضافہ
امریکا میں مارگیج شرح سود گزشتہ ہفتے ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کے باعث نہ صرف موجودہ گھر مالکان بلکہ نئے خریداروں نے بھی ہاؤسنگ مارکیٹ میں سرگرمیاں محدود کرنا شروع کر دیں، جبکہ پہلی بار گھر خریدنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔
امریکی ادارے مورٹگیج بینکرز ایسوسی ایشن (ایم بی اے) کے مطابق مجموعی مارگیج درخواستوں کے حجم میں ہفتہ وار بنیاد پر 4.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
30 سالہ فکسڈ ریٹ مارگیج، جن کی قرض حد 8 لاکھ 32 ہزار 750 ڈالر یا اس سے کم ہے، ان کی اوسط شرح سود 6.37 فیصد سے بڑھ کر 6.45 فیصد ہو گئی۔ 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ والے قرضوں پر اوریجینیشن فیس سمیت پوائنٹس بھی 0.61 سے بڑھ کر 0.66 تک پہنچ گئے۔
ایم بی اے کے نائب صدر اور ڈپٹی چیف اکانومسٹ Joel Kan نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی قرضوں کی لاگت میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ “مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال شرح سود پر مسلسل دباؤ ڈال رہی ہے، جس کے نتیجے میں مارگیج ریٹس گزشتہ ہفتے ایک ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے۔”
رپورٹ کے مطابق گھروں کی خریداری کیلئے قرض درخواستوں میں ایک ہفتے کے دوران 4 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں صرف 5 فیصد زیادہ رہی، جو ہاؤسنگ مارکیٹ میں برقرار مالی دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔
رواں سال مارچ میں شرح سود میں تیز اضافے کے باعث ہاؤسنگ مارکیٹ سست روی کا شکار ہو گئی تھی۔ بعد ازاں شرح سود میں جزوی کمی اور مارکیٹ میں گھروں کی فراہمی بہتر ہونے سے بحالی کے آثار نمایاں ہوئے، تاہم حالیہ اضافے نے ایک بار پھر خریداروں کے اعتماد کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔
جوئل کان کے مطابق گھروں کی خریداری کیلئے اوسط قرض حجم بڑھ کر 4 لاکھ 67 ہزار 300 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا، جو 1990 میں سروے کے آغاز کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں کے حجم میں یہ غیر معمولی اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پہلی بار گھر خریدنے والے اور کم قیمت رہائشی یونٹس تلاش کرنے والے خریدار بلند شرح سود اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث خریداری کے فیصلے مؤخر کر رہے ہیں۔