تاریخ اشاعت: November 25, 2026 - 4:01 PM
UK Mortgage Lending to Over-55s Reaches £6.6 Billion as Retirement Loans Increase
برطانیہ میں 55 سال سے زائد عمر کے افراد کو مارگیج قرضوں کی فراہمی 6 ارب 60 کروڑ پاؤنڈ تک پہنچ گئی
▫️ ریٹائرمنٹ کے بعد صرف سود کی ادائیگی والے مارگیج قرضوں کی مالیت میں 47 فیصد اضافہ، بڑی عمر کے جائیداد مالکان کا پراپرٹی کے عوض قرض حاصل کرنے کا رجحان بڑھ گیا
برطانیہ میں 55 سال سے زائد عمر کے افراد کو فراہم کیے جانے والے مارگیج قرضوں کی مجموعی مالیت سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران 6 ارب 60 کروڑ پاؤنڈ تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 2.2 فیصد زیادہ ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد صرف سود کی ادائیگی پر مبنی مارگیج قرضوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تیسری سہ ماہی کے دوران اس نوعیت کے 455 نئے قرضے جاری کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 4 کروڑ 40 لاکھ پاؤنڈ رہی۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں قرضوں کی تعداد میں 36 فیصد اور مجموعی مالیت میں 47 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب لائف ٹائم مارگیج قرضوں کی تعداد 5 ہزار 810 رہی، جن کی مالیت 51 کروڑ پاؤنڈ ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران بڑی عمر کے افراد کے رہائشی مارگیج قرضے مجموعی رہائشی مارگیج مارکیٹ کا 8 فیصد، جبکہ کرایے پر دینے کے لیے خریدی جانے والی جائیدادوں کے مارگیج قرضے متعلقہ مارکیٹ کا 21 فیصد رہے۔
پراپرٹی مارک کے چیف ایگزیکٹو نیتھن ایمرسن کے مطابق گھروں کی ملکیت کے بدلتے رجحانات اور مارگیج قرضوں کی واپسی کی مدت میں اضافے کے باعث بڑی عمر کے افراد میں قرض حاصل کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ بعض جائیداد مالکان موجودہ گھروں کے قرضوں کی ری فنانسنگ، چھوٹے گھروں میں منتقلی یا اپنی جائیداد میں موجود سرمایہ استعمال کرکے ریٹائرمنٹ کی آمدن میں اضافہ اور اہل خانہ کی مالی معاونت کررہے ہیں۔ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ برطانیہ کی پراپرٹی فنانسنگ مارکیٹ میں ریٹائرمنٹ اور بڑی عمر کے افراد کے لیے مخصوص مارگیج قرضوں کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔