تاریخ اشاعت: August 15, 2026 - 4:48 PM
Railway Station Remodelling Gives Area a New Look, Work Begins on Lahore’s Second Dancing Fountain
ریلوے سٹیشن کی ری ماڈلنگ سے علاقے کو نئی شکل مل گئی، لاہور میں دوسرے ڈانسنگ فاؤنٹین کی تیاری بھی شروع
▫️داتا دربار پیڈسٹرین انڈر پاس میں بزرگ شہریوں کیلئے ایسکیلیٹرز نصب، بھاٹی چوک انڈر پاس کا تعمیراتی کام مکمل، سرکلر روڈ پر دوسرا ڈانسنگ فاؤنٹین اور پروٹیکٹڈ یوٹرن بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے ریلوے سٹیشن کے سامنے پارکنگ ایریا کی ری ماڈلنگ اور 100 فٹ سے زائد بلند ڈانسنگ فاؤنٹین کی تنصیب مکمل کر لی ہے، جبکہ سرکلر روڈ پر آزادی فلائی اوور سے پہلے ایک اور ڈانسنگ فاؤنٹین لگانے کا کام بھی جاری ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے لاہور میں جاری مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور ریلوے سٹیشن، داتا دربار اور بھاٹی چوک انڈر پاس سمیت مختلف مقامات پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے انہیں منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ریلوے سٹیشن کے دورے کے دوران ڈی جی ایل ڈی اے نے پارکنگ ایریا میں نصب رنگا رنگ ڈانسنگ فاؤنٹین کا جائزہ لیا۔ حکام نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایل ڈی اے نے لاہور میں 100 فٹ سے زائد اونچائی کا حامل پہلا ڈانسنگ فاؤنٹین نصب کیا ہے۔
ایل ڈی اے کے مطابق 13 اور 14 اگست کو جشن آزادی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلوے سٹیشن کا رخ کیا، جہاں ڈانسنگ فاؤنٹین، جشن آزادی کے تھیم اور نئے سٹنگ ایریا نے شہریوں کی توجہ حاصل کی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ریلوے سٹیشن کے سامنے پارکنگ ایریا کی ری ماڈلنگ سے پورے علاقے کو جدید اور نئی شکل ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکلر روڈ پر آزادی فلائی اوور سے پہلے دوسرا ڈانسنگ فاؤنٹین بھی نصب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ریلوے سٹیشن کے اطراف باقی فنشنگ کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ قلیوں کے بیٹھنے کیلئے مختص جگہ پر کام مکمل کرنے، پنکھے اور پینے کے پانی کا انتظام کرنے کے ساتھ شہریوں کی رہنمائی کیلئے ٹریفک سائن بورڈز کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے داتا دربار کے بیرونی حصے میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ داتا دربار کے سامنے بنائے جانے والے پیڈسٹرین انڈر پاس میں بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے ایسکیلیٹرز نصب کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے انڈر پاس کا باقی فنشنگ کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
بھاٹی چوک انڈر پاس کے دورے کے دوران حکام نے بتایا کہ انڈر پاس کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور لین مارکنگ بھی کر دی گئی ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے انڈر پاس کے بیرل پر جاری خوبصورتی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سرکلر روڈ پر زیر تعمیر پروٹیکٹڈ یوٹرن کا جائزہ لیتے ہوئے طاہر فاروق نے باقی کام آئندہ چند روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیف انجینئر ٹیپا نے یقین دہانی کرائی کہ خوبصورتی، سروس روڈ اور پروٹیکٹڈ یوٹرن سے متعلق باقی کام بھی چند روز میں مکمل کر لیے جائیں گے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے سرکلر روڈ پر مزدوروں کے بیٹھنے کیلئے گوشہ مزدور جلد قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
دورے کے موقع پر ٹیپا، ایل ڈی اے، کنٹریکٹر اور نیسپاک کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔