تاریخ اشاعت: November 14, 2026 - 1:01 PM
LHC Suspends Rajanpur Road Construction Tender Over Sugarcane Development Cess Dispute
لاہور ہائی کورٹ نے شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس فنڈز سے راجن پور میں سڑک کی تعمیر کا ٹینڈر معطل کر دیا
▫️ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور استعمال کی ذمہ دار کمیٹی کی قانونی حیثیت چیلنج، فاضل عدالت نے شوگر مل کی درخواست پر سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا ٹینڈر روک دیا
لاہور ہائی کورٹ نے ضلع راجن پور میں شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں جمع ہونے والے فنڈز سے سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا ای ٹینڈر معطل کر دیا ہے، جبکہ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور استعمال کی ذمہ دار کمیٹی کی تشکیل اور قانونی حیثیت پر بھی سوالات ...
جسٹس جواد حسن نے انڈس شوگر ملز لمیٹڈ کی درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کیا۔ درخواست گزار شوگر مل نے سیس فنڈز کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کی تشکیل، اس کے ارکان کی نامزدگی اور سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے فنڈز مختص کرنے اور ان کے مجوزہ استعمال کو چیلنج کیا ہے۔ ابتدائی دلائل سننے کے بعد عدالت نے سپرنٹنڈنگ انجینئر، ہائی وے سرکل ڈیرہ غازی خان کی جانب سے 9 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ ای ٹینڈر نوٹس معطل کرتے ہوئے متعلقہ کمیٹی کی مزید کارروائی بھی آئندہ سماعت تک روک دی۔
عدالت نے مقدمے کی اگلی سماعت 9 دسمبر مقرر کی ہے۔ اس عبوری حکم کے نتیجے میں سڑک کے منصوبے کی ٹینڈرنگ کا عمل عارضی طور پر رک گیا ہے، جبکہ عدالت اس بات کا جائزہ لے گی کہ منصوبے کی منظوری اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے لیے متعلقہ حکام نے قانونی تقاضے پورے کیے یا نہیں۔
انڈس شوگر ملز لمیٹڈ کے وکیل احمد رضا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب شوگر کین (ڈویلپمنٹ) سیس رولز 1964 کے رول 9(a-1) کی شق (ix) کے تحت متعلقہ کمیٹی کی تشکیل اور اس میں ارکان کی نمائندگی کے واضح قانونی تقاضے مقرر ہیں، جن کا مقصد متعلقہ فریقوں کی نمائندگی، جوابدہی اور قانونی طور پر جمع کیے گئے ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ وکیل کے مطابق جس صوبائی اسمبلی کے حلقے میں شوگر مل واقع ہے، وہاں کے منتخب رکن پنجاب اسمبلی محمد اویس دریشک، حلقہ پی پی 296، کو قانونی تقاضے کے باوجود کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق اس مبینہ بے ضابطگی کی نشاندہی کے لیے متعلقہ حکام اور کمیٹی کو متعدد بار تحریری درخواستیں ارسال کی گئیں، تاہم کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ وکیل نے واضح کیا کہ درخواست کا مقصد محض کسی ایک رکن اسمبلی کو کمیٹی میں شامل کرانا نہیں بلکہ اس قانونی سوال کا تعین کرانا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال اور تقسیم کے فیصلے کرنے والی کمیٹی قانون کے مطابق تشکیل دی گئی ہے یا نہیں۔ انہوں نے اپنے دلائل میں آئین کے آرٹیکل 4 اور 10 اے، سرکاری اداروں کے قانونی اختیارات سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلے اور عوامی اہمیت کے معاملات سے متعلق سپریم کورٹ کے ایک عدالتی فیصلے کا بھی حوالہ دیا۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بشیر احمد بزدار نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ اب تک صرف ڈپٹی کمشنر راجن پور کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر تین فریقوں نے اپنی رپورٹس یا جواب داخل نہیں کیے۔ سرکاری وکیل نے باقی فریقوں کے مؤقف جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی۔