تاریخ اشاعت: October 27, 2026 - 11:01 AM
LDA to Launch Pine Sector and Lahore Tech Park Soon
ایل ڈی اے سٹی پائن سیکٹر اور لاہور ٹیک پارک جلد مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ
▫️ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت اجلاس، دونوں منصوبوں کی تیاریوں اور مجوزہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ
لاہور | ریاض حسین، ری نیوز پاکستانلاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی کے پائن سیکٹر اور فیروزپور روڈ پر واقع لاہور ٹیک پارک کو جلد مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور | ریاض حسین، ری نیوز پاکستان
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی کے پائن سیکٹر اور فیروزپور روڈ پر واقع لاہور ٹیک پارک کو جلد مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پائن سیکٹر میں مختلف رقبوں کے کمرشل اور رہائشی پلاٹس آسان اقساط پر متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ لاہور ٹیک پارک کے کمرشل پلاٹس نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں دونوں منصوبوں کی تیاریوں اور مجوزہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔
طاہر فاروق نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی پائن سیکٹر میں 2 کنال، 8 مرلہ، 6 مرلہ اور 4 مرلہ کمرشل پلاٹس جلد مارکیٹ میں لائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ایک کنال کے رہائشی پلاٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پائن ایونیو ایکسٹینشن پر واقع یہ کمرشل اور رہائشی پلاٹس آسان اقساط پر دستیاب ہوں گے۔
اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ایل ڈی اے سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی، جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے نے پائن سیکٹر کے مجوزہ ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور سے متصل لاہور ٹیک پارک کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے میں ایک کنال، 15 مرلہ اور 8 مرلہ کمرشل پلاٹس جلد نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ طاہر فاروق نے ٹیک پارک کے ترقیاتی منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی اربن پلاننگ، چیف انجینئر، چیف ٹاؤن پلانرز، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر آکشن، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، ڈائریکٹر ہاؤسنگ، ڈائریکٹرز انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔