تاریخ اشاعت: September 4, 2026 - 3:37 PM
LDA Tightens Field Inspection System, Makes QR Coded ID Cards and Official Jackets Mandatory
ایل ڈی اے کا فیلڈ انسپکشن نظام مزید سخت، افسران و عملے کیلئے کیو آر کوڈ کارڈ اور جیکٹس لازمی قرار
▫️ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر تمام فیلڈ ٹیموں کو نئے ضابطہ کار پر عملدرآمد کا حکم، شہریوں کو عملے کی شناخت کی تصدیق کی ہدایت
لاہور : ریاض حسین ری نیوز پاکستانڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر فیلڈ سرگرمیوں کے دوران انسپکشن اور انفورسمنٹ کے نظام میں اصلاحات کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر فیلڈ سرگرمیوں کے دوران انسپکشن اور انفورسمنٹ کے نظام میں اصلاحات کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے نے اپنے تمام متعلقہ ونگز اور فیلڈ عملے کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے سرکاری افسران اور اہلکاروں کی واضح شناخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔
ایل ڈی اے کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے مطابق فیلڈ سرگرمیوں کے دوران اتھارٹی کا تمام متعلقہ عملہ کیو آر کوڈ پر مبنی شناختی کارڈ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا پابند ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں تعینات افسران اور اہلکاروں کیلئے ایل ڈی اے کی مخصوص جیکٹس پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ شہری سرکاری عملے کو باآسانی شناخت کر سکیں۔
نئی ہدایات کے تحت ایل ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، انسپکٹرز، انفورسمنٹ ٹیموں، سروئیرز اور دیگر فیلڈ عملے کو ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ افسران کو واضح کیا گیا ہے کہ فیلڈ میں کسی بھی کارروائی کے دوران سرکاری شناخت اور مقررہ طریقہ کار کی مکمل پابندی کی جائے۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد اتھارٹی کے نام اور اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے نجی افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا اور شہریوں کو جعلی یا غیر متعلقہ افراد سے محفوظ رکھنا ہے۔ بعض معاملات میں سرکاری اداروں کا نام استعمال کرکے شہریوں سے رابطہ کرنے یا فیلڈ انسپکشن کے نام پر کارروائی کرنے والے افراد کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث شناخت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ایل ڈی اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص انسپکشن یا کسی دیگر سرکاری کارروائی کیلئے ان کے پاس آئے تو اس کی سرکاری شناخت ضرور چیک کریں اور کیو آر کوڈ پر مبنی شناختی کارڈ کی تصدیق کریں۔ شہری کسی بھی مشکوک فرد کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ حکام یا پولیس کو اطلاع دیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ایل ڈی اے کا نام، عہدہ یا سرکاری اختیارات ظاہر کرکے شہریوں کو گمراہ کرنے والے نجی افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی اور سرکاری عملے کی شناخت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ایل ڈی اے کے مطابق فیلڈ انسپکشن کے نظام میں شفافیت، شہریوں کے اعتماد میں اضافے اور اتھارٹی کے نام کے غیر مجاز استعمال کی روک تھام کیلئے شناختی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ کیو آر کوڈ کارڈز اور مخصوص جیکٹس کے ذریعے شہریوں کیلئے سرکاری فیلڈ ٹیموں کی شناخت آسان بنانے کے ساتھ ساتھ جعلی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا دائرہ بھی مؤثر بنایا جائے گا۔