تاریخ اشاعت: August 18, 2026 - 3:21 PM
LDA Seals 87 Properties in Lahore in Crackdown on Illegal Commercial Use
لاہور میں غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 87 املاک سیل
▫️کارروائیاں گلبرگ، کینال روڈ، شادمان، نیو مسلم ٹاؤن، پونچھ روڈ اور سبزہ زار میں کی گئیں، ڈی جی ایل ڈی اے کا بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا اعلان
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 87 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق آپریشن ڈائریکٹر جنرل طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا میں کیا۔ ٹیموں نے گلبرگ، کینال روڈ، شادمان، نیو مسلم ٹاؤن، پونچھ روڈ اور سبزہ زار میں مختلف تجارتی املاک کے خلاف کارروائیاں کیں۔
گلبرگ میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 20 جبکہ کینال روڈ، شادمان، نیو مسلم ٹاؤن اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 47 املاک سیل کی گئیں۔
اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں مزید 20 املاک کو سیل کیا گیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، گروسری سٹور، کلینک، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، جم، ہارڈویئر سٹور، الیکٹرک سٹور، فارمیسی، دکانیں، شوروم، دفاتر اور دیگر تجارتی ادارے شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ علاقوں میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی املاک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔