تاریخ اشاعت: August 7, 2026 - 12:28 PM
LDA Seals 75 Properties in Lahore Over Illegal Commercial Use
لاہور میں غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف ایل ڈی اے کا کریک ڈاؤن، 75 املاک سیل
▫️غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے شہر میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں 75 املاک سیل کر دیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، سمن آباد، پونچھ روڈ اور اعظم گارڈن میں کارروائیاں کیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق فیصل ٹاؤن میں رہائشی املاک کے غیرقانونی کمرشل استعمال پر 16 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ کینال روڈ، سمن آباد اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر مجموعی طور پر 49 املاک سیل کی گئیں۔
اسی طرح ایل ڈی اے ٹیموں نے اعظم گارڈن میں واجبات کی وصولی کے لیے کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 املاک سیل کر دیں، جس کے بعد مختلف علاقوں میں سیل کی جانے والی املاک کی مجموعی تعداد 75 ہوگئی۔
حکام کے مطابق سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، اکیڈمیز، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، گروسری سٹورز، کلینکس، فارمیسیز، دکانیں، شورومز اور دفاتر سمیت مختلف کاروباری مراکز شامل ہیں۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی سے قبل متعلقہ املاک کے مالکان کو قواعد کی خلاف ورزی اور واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں، غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔