تاریخ اشاعت: August 17, 2026 - 3:28 PM
LDA Seals 101 Properties in Lahore in Major Crackdown on Illegal Commercial Use
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف بڑا آپریشن، لاہور میں 101 املاک سیل
▫️غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر کارروائی، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا حکم
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 101 املاک سیل کر دیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، سمن آباد، پونچھ روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں آپریشن کیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 30 املاک سیل کی گئیں، جبکہ سمن آباد اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 51 املاک سیل کی گئیں۔
اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں مزید 20 املاک سیل کر دی گئیں۔
کارروائی کے دوران سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، گراسری سٹور، کلینک، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، ہارڈ ویئر سٹور، الیکٹرک سٹور، فارمیسی، دکانیں، شو روم اور دفاتر سمیت دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔