تاریخ اشاعت: August 13, 2026 - 2:48 PM
LDA Launches Major Crackdown on Illegal Commercial Buildings, Seals 81 Properties
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 81 املاک سیل
▫️جوبلی ٹاؤن اور رائے ونڈ روڈ پر غیرقانونی تعمیرات اور دکانیں مسمار، کینال روڈ، گلشن راوی، شاہ جمال، نیو مسلم ٹاؤن اور پونچھ روڈ پر 66 املاک سیل
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں، رہائشی املاک کے غیرمجاز تجارتی استعمال اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے لاہور کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا ہے۔ کارروائی کے دوران متعدد غیرقانونی تعمیرات مسمار جبکہ مجموعی طور پر 81 املاک سیل کر دی گئیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے جوبلی ٹاؤن، رائے ونڈ روڈ، کینال روڈ، گلشن راوی، شادمان، نیو مسلم ٹاؤن، پونچھ روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق جوبلی ٹاؤن میں رہائشی پلاٹ نمبر 395-D پر غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی دکانیں مسمار کر دی گئیں۔ اسی طرح رائے ونڈ روڈ پر علی ٹاؤن ٹرمینل کے قریب غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں مسمار کیا گیا۔
رائے ونڈ روڈ پر رنگ روڈ کے قریب بھی کارروائی کی گئی، جہاں غیرقانونی سائن بورڈ ہٹانے کے ساتھ متعلقہ املاک کو سیل کر دیا گیا۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے رہائشی املاک کے غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف کینال روڈ، گلشن راوی، شاہ جمال، نیو مسلم ٹاؤن اور پونچھ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 66 املاک سیل کیں۔
اس کے علاوہ واجبات کی وصولی کیلئے کیے گئے الگ ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں مزید 15 املاک سیل کی گئیں۔ اس طرح دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 81 املاک سیل کی گئیں۔
حکام کے مطابق سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیاں، ہال، سیلون، کیفے، ریستوران اور فوڈ پوائنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گراسری سٹورز، کلینکس، ہارڈ ویئر سٹورز، الیکٹرک سٹورز، فارمیسیز، مختلف دکانیں، کار شوروم، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز بھی کارروائی کی زد میں آئے۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے مطابق ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں، رہائشی املاک کے غیرمجاز تجارتی استعمال اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔