تاریخ اشاعت: September 2, 2026 - 5:01 PM
LDA DG Tahir Farooq Orders Acceleration of Neela Gumbad, Nasir Bagh Parking Plazas
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا نیلا گنبد، ناصر باغ پارکنگ پلازوں کا کام تیز کرنے کا حکم
▫️دونوں انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا 75 فیصد کام مکمل، بین الاقوامی معیار کا پارکنگ سسٹم نصب کرنے کی ہدایت
لاہور : ری نیوز پاکستانڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی زیر صدارت ٹیپا آفس میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی زیر صدارت ٹیپا آفس میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین نے اجلاس کو مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں اندرون سرکلر روڈ کی اپ گریڈیشن اور سرکل گارڈن کی بحالی کے مجوزہ منصوبے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیپا سرکل گارڈن کی بحالی جبکہ ایل ڈی اے اندرون سرکلر روڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ دونوں منصوبوں کو اربن ریجنریشن ماڈل کے تحت جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت سرکلر روڈ سے ملحقہ املاک کے فساڈ کو بہتر بنایا جائے گا، فٹ پاتھ اور یوٹرنز تعمیر کیے جائیں گے جبکہ پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ سڑک کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ، یوٹیلٹی کوریڈور کی فراہمی، سڑک کی مرمت و بحالی اور یکساں طرز کی ڈویلپمنٹ بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
چیف انجینئر ٹیپا نے نیلا گنبد اور ناصر باغ انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازوں کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی ڈی جی ایل ڈی اے کو آگاہ کیا۔ بریفنگ کے مطابق دونوں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا مجموعی طور پر 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی ایل اے نے دونوں پارکنگ پلازوں کے باقی ماندہ ترقیاتی کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازوں میں بین الاقوامی معیار کا جدید پارکنگ سسٹم نصب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو بہتر اور منظم پارکنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ، ڈائریکٹر انجینئرنگ، نیسپاک، ایل ڈی اے اور ٹیپا کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔