تاریخ اشاعت: September 17, 2026 - 2:51 PM
LDA Decides to Fully Digitalize Town Planning Wing to Strengthen Monitoring of Illegal Constructions and Commercial Activities
ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ، غیر قانونی تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
▫️ڈیجیٹل سنٹر کے قیام سے مانیٹرنگ کا نظام بہتر ہوگا، فیلڈ افسران کو نئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم
لاہور : ری نیوز پاکستان ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے اربن پلاننگ اینڈ ڈیزائن سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے ٹاؤن پلاننگ سے متعلق امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے اربن پلاننگ اینڈ ڈیزائن سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے ٹاؤن پلاننگ سے متعلق امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں شہر میں ٹاؤن پلاننگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور کمرشل سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن پلاننگ ونگ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی مانیٹرنگ، تعمیراتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور بروقت کارروائی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سنٹر کے قیام کا مقصد ایل ڈی اے کے تمام زونز کو ایک مربوط نظام کے تحت لانا اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
طاہر فاروق نے ٹاؤن پلاننگ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ رویے اور سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو نئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں نگرانی کے نظام کو مزید فعال کریں اور شہر کے اہم کمرشل کوریڈورز میں سیٹ بیک ایریاز پر قائم تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کمرشل جرمانوں کی وصولی اور ریکوری مہم میں بھی تیزی لائی جائے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ایل ڈی اے حدود میں قائم اسکولوں کے سامنے ڈراپ لین کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے ٹریفک مینجمنٹ پلان طلب کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کم کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای بز میں موصول ہونے والے کیسز کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے جبکہ ٹاؤن پلاننگ ونگ کے افسران کی کارکردگی کا جائزہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر، چیف ٹاؤن پلانر ون، چیف ٹاؤن پلانر ٹو، چیف آئی ٹی آفیسر، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ کے تمام ڈائریکٹرز، ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ، چیف سکیورٹی آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔