تاریخ اشاعت: August 8, 2026 - 5:35 PM
LDA City to Remain Focus of Development Works This Fiscal Year, Commercial and Residential Plots to Be Brought to Market Soon
ایل ڈی اے سٹی رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا مرکز، کمرشل و رہائشی پلاٹس جلد مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ
▫️ڈی جی ایل ڈی اے کی ترقیاتی کام تیز کرنے، بنیادی شہری سہولتوں کیلئے گورننس ماڈل بنانے اور غیر قانونی تعمیرات و کمرشلائزیشن کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے رواں مالی سال کے دوران ایل ڈی اے سٹی کو ترقیاتی سرگرمیوں کا مرکزی محور بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سکیم میں ترقیاتی کام مزید تیز کرنے اور کمرشل و رہائشی پلاٹس جلد مارکیٹ میں لانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
یہ فیصلہ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں ٹاؤن پلاننگ، آکشن، انجینئرنگ، مالیاتی منصوبہ بندی اور ایل ڈی اے سٹی سمیت مختلف امور اور ترقیاتی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی کاموں کا خصوصی فوکس ایل ڈی اے سٹی پر رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سکیم میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل ڈی اے سٹی میں کمرشل اور رہائشی پلاٹس جلد مارکیٹ میں پیش کیے جائیں گے، جس کیلئے متعلقہ شعبے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر آکشن نے آئندہ قرعہ اندازی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایل ڈی اے ایونیو ون اور ایل ڈی اے سٹی بزنس بے کے کمرشل پلاٹس کو آئندہ قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جوہر ٹاؤن میں پانچ مرلہ کے رہائشی پلاٹس بھی قرعہ اندازی کیلئے رکھے گئے ہیں۔
شہری اس قرعہ اندازی میں شرکت کیلئے 2 ستمبر 2026ء تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ اجلاس میں رواں مالی سال کیلئے ایل ڈی اے کے آکشن کیلنڈر اور آئندہ نیلامیوں سے متعلق منصوبہ بندی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ایل ڈی اے ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور ایل ڈی اے انکلیو سکیم میں رہائش پذیر شہریوں کو بنیادی سروسز کی بہتر فراہمی کیلئے ایک مؤثر گورننس ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس اقدام کا مقصد ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں میں شہری سہولتوں اور انتظامی نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اجلاس میں ٹاؤن پلاننگ سیکشن نے ریونیو اہداف اور ریکوری مہم کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے ٹاؤن پلاننگ ونگ کو غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف جاری مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہر میں تعمیراتی اور لینڈ یوز قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
طاہر فاروق نے مون سون کے دوران جاری تعمیراتی سرگرمیوں میں متعلقہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ بارشوں کے دوران ترقیاتی کام محفوظ انداز میں جاری رکھے جا سکیں اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے حکام کو رواں مالی سال کے دوران سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت ایل ڈی اے کی دیگر سکیموں میں بھی ترقیاتی کام شروع کرنے کی ہدایت کی، جس سے ایل ڈی اے سٹی کے ساتھ دیگر رہائشی سکیموں میں بنیادی انفراسٹرکچر اور شہری سہولتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس کاشف عمران نے آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کی منصوبہ بندی پر بریفنگ دی، جبکہ انجینئرنگ، ٹاؤن پلاننگ اور آکشن سمیت متعلقہ شعبوں نے اپنے اہداف، جاری منصوبوں اور آئندہ اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹرز، چیف ٹاؤن پلانر ون، ڈائریکٹر آکشن، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ایل ڈی اے کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔