تاریخ اشاعت: August 19, 2026 - 4:08 PM
LDA Approves Rs 88.6 Billion Budget, Clears New Pine Sector in LDA City and Tech Park Near Arfa Karim Tower
ایل ڈی اے کا 88.6 ارب روپے کا بجٹ منظور، ایل ڈی اے سٹی میں نیا پائن سیکٹر اور ارفع کریم کے قریب ٹیک پارک بنانے کا فیصلہ
▫️مالی سال 27-2026 کیلئے ایل ڈی اے کا ریونیو ہدف 47 ارب روپے مقرر، ایل ڈی اے سٹی کے ترقیاتی کاموں کیلئے 12.5 ارب، اربن ری جنریشن و پائیدار ترقی کیلئے 13.5 ارب اور ایونیو ون کیلئے 4 ارب روپے مختص
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے مالی سال 27-2026 کیلئے ایل ڈی اے اور ٹیپا کا مجموعی طور پر 88.613 ارب روپے کا بجٹ منظور کر لیا، جبکہ ایل ڈی اے کیلئے رواں مالی سال کے دوران 47 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی میں نیا پائن سیکٹر شروع کرنے، ارفع کریم ٹاور کے قریب ٹیک پارک کیلئے پلاٹس تیار کرکے مارکیٹ میں لانے اور تین رہائشی سکیموں میں مینٹیننس چارجز عائد کرنے سمیت متعدد اہم منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔
ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا چھٹا اجلاس وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد کی زیر صدارت ہوا، جس میں پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ بیرسٹر سلطان باجوہ، وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے گورننگ باڈی کو مختلف ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں مالی سال 27-2026 کیلئے ایل ڈی اے اور ٹیپا کا مجموعی 88.613 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا۔ ٹیپا کیلئے الگ سے 3.5 ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا، جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے سٹرکچر پلان سڑکوں کیلئے قرض کی مد میں 10 ارب روپے اور اے ڈی پی سکیموں کیلئے 6.3 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
ایل ڈی اے سٹی کے ترقیاتی کاموں کیلئے 12.5 ارب روپے، پائیدار ترقی اور اربن ری جنریشن کیلئے مجموعی طور پر 13.5 ارب روپے جبکہ ایل ڈی اے ایونیو ون کیلئے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
گورننگ باڈی نے ٹاؤن پلاننگ کیلئے رواں مالی سال میں 17 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا۔ اسی طرح سیلز اینڈ الاٹمنٹ کی مد میں 19.2 ارب روپے کا ہدف رکھا گیا ہے، جس میں صرف ایل ڈی اے سٹی سے 15 ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف شامل ہے۔
اجلاس میں ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2019 میں مجوزہ ترامیم کے ایجنڈے کی بھی منظوری دی گئی۔
گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے ایونیو ون، جوبلی ٹاؤن اور ایل ڈی اے انکلیو میں صفائی اور دیگر شہری خدمات بہتر بنانے کیلئے مینٹیننس چارجز عائد کرنے اور سروسز کی فراہمی کا پائلٹ منصوبہ منظور کر لیا۔ ان سکیموں میں 3، 5، 7 اور 10 مرلہ اور ایک کنال کی رہائشی اور کمرشل املاک پر مینٹیننس چارجز عائد کیے جائیں گے۔ تاہم ایل ڈی اے ابتدائی دو ماہ یہ سروسز مفت فراہم کرے گا۔
اجلاس میں فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے ساتھ واقع 118 کنال اراضی پر ٹیک پارک کیلئے پلاٹس ڈویلپ کرکے مارکیٹ میں پیش کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ مجوزہ ایل ڈی اے ٹیک پارک میں ایک کنال، 15 مرلہ اور 8 مرلہ کے کمرشل پلاٹس مارکیٹ میں لائے جائیں گے۔
گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے سٹی میں نیا پائن سیکٹر شروع کرنے کی بھی منظوری دی، جہاں مختلف سائز کے کمرشل پلاٹس کے ساتھ ایک کنال کے رہائشی پلاٹس رکھے جائیں گے۔ اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی سے ریونیو حاصل کرنے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مختلف بلاکس میں سولر لائٹس نصب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
ایل ڈی اے اور یونیسف کے تعاون سے لاہور کو چائلڈ فرینڈلی سٹی بنانے کیلئے رواں مالی سال میں مختلف اقدامات پر 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ایل ڈی اے سیلز اینڈ الاٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مختلف ایجنڈوں کی بھی منظوری دی گئی۔ گورننگ باڈی نے گزشتہ مالی سال کے دوران ریونیو جنریشن میں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ حکام کے مطابق ایل ڈی اے نے گزشتہ مالی سال اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ مجموعی طور پر 32 ارب روپے کا ریونیو ہدف حاصل کیا۔
اجلاس میں ممبر ٹیکنیکل اکبر شیخ، ممبر ٹیکنیکل عبدالحنان، محکمہ خزانہ، ہاؤسنگ، لوکل گورنمنٹ، واسا اور کمشنر آفس کے نمائندوں کے علاوہ ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر، ایڈیشنل ڈی جی اربن پلاننگ، چیف انجینئر ون، چیف ٹاؤن پلانرز، چیف میٹروپولیٹن پلانر اور ایل ڈی اے، ٹیپا و ہاؤسنگ کے متعلقہ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔