تاریخ اشاعت: October 23, 2026 - 3:12 PM
Lahore Cantonment Board Orders Recovery of Outstanding Dues Through Magistrate
لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کا مجسٹریٹ کے ذریعے بقایا واجبات کی وصولی کا حکم
▫️ پراپرٹی ٹیکس، پانی و صفائی کے چارجز، لیز و زمینی کرایوں سمیت دیگر بقایا فیسیں وصولی مہم میں شامل
لاہور | ریاض حسین ری نیوز پاکستان لاہور کنٹونمنٹ بورڈ نے مختلف اقسام کے جمع شدہ بقایا واجبات کی وصولی کنٹونمنٹس ایکٹ 1924 کی دفعہ 259 کے تحت مجسٹریٹ کے ذریعے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور | ریاض حسین ری نیوز پاکستان
لاہور کنٹونمنٹ بورڈ نے مختلف اقسام کے جمع شدہ بقایا واجبات کی وصولی کنٹونمنٹس ایکٹ 1924 کی دفعہ 259 کے تحت مجسٹریٹ کے ذریعے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں دفتر سےجاری حالیہ حکم نامے کے ذریعے متعلقہ برانچ سربراہان کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
حکم نامے میں تمام متعلقہ برانچ سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ املاک، مالکان، قابضین، لیز ہولڈرز، لائسنس یافتگان، اشتہاری بورڈز، ٹی آئی پی اور کنٹونمنٹ فنڈ کی عمارتوں اور اراضی سے متعلق قابلِ وصول بقایاجات کی فہرستیں تیار کریں۔
وصولی مہم میں پراپرٹی و ہاؤس ٹیکس، پانی، صفائی ستھرائی اور گاربیج چارجز، لیز اور زمینی کرائے، تجدید اور منتقلی کی فیسیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ لائسنس، تجارتی و پیشہ ورانہ اور اشتہاری فیسوں کے بقایاجات، عمارتوں کے نقشوں کی منظوری، انتقال اور ریگولرائزیشن کی فیسیں بھی وصول کی جائیں گی۔ حکم نامے میں جرمانوں، اضافی مالی واجبات، سرچارجز اور بورڈ کو قابلِ ادائیگی دیگر رقوم سمیت ایکٹ، متعلقہ قواعد اور ضمنی قوانین کے تحت قابلِ وصول تمام واجبات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ہر برانچ کے سربراہ کو وصولی کے لیے مجسٹریٹ کے پاس جمع کرائی جانے والی معلومات کی درستگی اور مکمل ہونے کا ذاتی طور پر ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی تاخیر یا غلط معلومات کی فراہمی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے گا اور متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔