تاریخ اشاعت: August 7, 2026 - 4:26 PM
Islamabad Safe City Expansion Project Ordered to Be Completed by September 30
اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبہ 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت
▫️ڈیٹا سینٹر، سائبر آرکیٹیکچر اور سائبر سکیورٹی پر 80 فیصد پیش رفت، سیف سٹی بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت
اسلام آباد : ری نیوز پاکستان
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبے کو 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو باقی ماندہ کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں توسیعی منصوبے پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی توسیعی منصوبے پر مجموعی طور پر 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ نئے کیمروں کی تنصیب کا کام بھی 85 فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت اب تک 415 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر بھی بچھائی جا چکی ہے۔
حکام کے مطابق ڈیٹا سینٹر، سائبر آرکیٹیکچر اور سائبر سکیورٹی سے متعلق تقریباً 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے باقی ماندہ کام تیز کرنے اور منصوبے کو مقررہ ڈیڈ لائن تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے اسلام آباد سیف سٹی کے جدید فیوژن سینٹر کو بھی تین ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔ انہوں نے سیف سٹی بل کو جلد حتمی شکل دے کر قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اسلام آباد سیف سٹی کو جدید، سمارٹ اور عالمی معیار کا ادارہ بنانا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیف سٹی نظام شہریوں کے تحفظ، مؤثر نگرانی اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، سیف سٹی کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔