تاریخ اشاعت: September 1, 2026 - 1:23 AM
DG LDA Tahir Farooq Visits Hazrat Ali Hajveri Underpass and Circular Road
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا حضرت علی ہجویری انڈرپاس اور سرکلر روڈ کا دورہ
▫️سرکلر روڈ پر پروٹیکٹڈ یوٹرن، اپ گریڈیشن اور زیرِ زمین یوٹیلٹی کوریڈور کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے حضرت علی ہجویری انڈرپاس اور سرکلر روڈ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و ٹریفک مینجمنٹ منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے آزادی چوک سے حضرت علی ہجویری انڈرپاس کے ذریعے آنے والی گاڑیوں کی ٹریفک روانی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈرپاس کے فعال ہونے کے بعد روزانہ لاکھوں گاڑیاں اس سہولت سے مستفید ہو رہی ہیں، جبکہ انڈرپاس کھلنے سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور شہریوں کو بڑا ریلیف ملا ہے۔
طاہر فاروق نے سرکلر روڈ پر جاری پروٹیکٹڈ یوٹرن کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انڈرپاس سے سرکلر روڈ کی جانب املاک کی اپ گریڈیشن کے کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ علاقے میں ترقیاتی کام سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت مکمل کیے جائیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے سرکلر روڈ پر زیرِ زمین یوٹیلٹی کوریڈور کی تیاری اور لٹکتی تاروں کے خاتمے کے لیے کیبل ٹرے کی تنصیب کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کے معیار، تعمیراتی تفصیلات اور فنشنگ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزدوروں کے لیے قائم کیے جانے والے گوشۂ مزدور کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، تاکہ تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔
اس موقع پر چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ، کنٹریکٹرز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔