تاریخ اشاعت: September 21, 2026 - 10:26 AM
CDA to Auction Five Prime Hotel Plots in Islamabad on September 26
سی ڈی اے کا اسلام آباد میں 5 اہم ہوٹل پلاٹس 26 ستمبر کو نیلام کرنے کا اعلان
▫️مقامی، اوورسیز اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے آسان ادائیگی، جلد قبضے اور خصوصی رعایتوں کی پیشکش
اسلام آباد : ری نیوز پاکستانکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد میں پانچ اہم ہوٹل پلاٹس کی اوپن نیلامی 26 ستمبر 2026 کو کرے گی، جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں ہوٹل اور ہاسپیٹیلٹی انفراسٹرکچر کو وسعت دینا اور بڑھتی ہوئی سفارتی،...
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد میں پانچ اہم ہوٹل پلاٹس کی اوپن نیلامی 26 ستمبر 2026 کو کرے گی، جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں ہوٹل اور ہاسپیٹیلٹی انفراسٹرکچر کو وسعت دینا اور بڑھتی ہوئی سفارتی، کاروباری اور سیاحتی سرگرمیوں کی ضروریات پوری کرنا ہے۔
نیلامی صبح 10 بجے جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی، جہاں سرمایہ کاروں کو اسلام آباد کے اہم کمرشل اور ہاسپیٹیلٹی زونز میں واقع سٹریٹجک مقامات حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
سرکاری معلومات کے مطابق نیلامی کے لیے پیش کیے جانے والے پلاٹس میں پلاٹ نمبر 22، ڈی 12 مرکز، کنونشن سینٹر ہوٹل پلاٹ نمبر 6، ایف 5/1، فائیو سٹار ہوٹل پلاٹ نمبر 8، ایف 5/1 اور ای 11 نادرن اسٹرپ میں سرینگر ہائی وے پر سپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان واقع ہوٹل پلاٹ شامل ہیں، جبکہ ایک مزید پلاٹ سرکاری نیلامی شیڈول کے مطابق پیش کیا جائے گا۔
سی ڈی اے نے سرمایہ کاروں کو سہولت دینے اور ہوٹل منصوبوں کی تعمیر تیز کرنے کے لیے متعدد مراعات کا اعلان کیا ہے۔
اعلان کردہ شرائط کے تحت سرمایہ کاروں کو ایک سالہ لچکدار ادائیگی پلان فراہم کیا جائے گا، جبکہ پلاٹ کی قیمت کا 75 فیصد ادا کرنے کے بعد بقیہ رقم کے لیے بینک گارنٹی جمع کراکے قبضہ حاصل کیا جاسکے گا۔
25 فیصد رقم کی ادائیگی کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ 30 دن کے اندر مکمل ادائیگی کرنے والے سرمایہ کاروں کو 5 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ امریکی ڈالر میں مکمل ادائیگی پر مزید 5 فیصد رعایت بھی حاصل ہوگی۔
سی ڈی اے بجلی کی لائنوں کی منتقلی، سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن، زمین کی کلیئرنس اور الگ رسائی سڑکوں سمیت بنیادی ڈھانچے سے متعلق ضروری سہولتیں بھی فراہم کرے گا۔
سی ڈی اے کے مطابق نیلامی کا مقصد صرف اراضی کی فروخت نہیں بلکہ ایسے جدید ہاسپیٹیلٹی منصوبوں کی حوصلہ افزائی بھی ہے جو بین الاقوامی وفود، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات، سیاحوں اور دیگر مسافروں کی ضروریات پوری کرسکیں۔
اسلام آباد میں سفارتی اور بین الاقوامی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث معیاری ہوٹلوں، لگژری رہائش، کانفرنس سہولتوں اور ریزورٹس کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔
مارگلہ ہلز کے دامن میں واقع وفاقی دارالحکومت کا منصوبہ بند شہری ماحول، وسیع گرین ایریاز اور جدید انفراسٹرکچر بھی ہاسپیٹیلٹی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے اہم عوامل قرار دیے جارہے ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق نئے ہوٹل منصوبوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ریستورانوں، ریٹیل، ٹرانسپورٹ اور سیاحت سے متعلق کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ نیلامی سے ایک روز قبل ٹوکن جاری کیے جائیں گے، جبکہ ادائیگی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس یا مقامی بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جاسکے گی۔
نیلامی کے بروشرز اور تفصیلی شرائط سی ڈی اے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ اور اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔