تاریخ اشاعت: August 10, 2026 - 1:07 PM
Anjuman e Tajiran DHA Board, Awami Business Group Reaffirm Joint Struggle with PIAF for Business Community Rights
انجمن تاجران ڈی ایچ اے بورڈ اور عوامی بزنس گروپ کا پیاف کیساتھ ملکر کاروباری برادری کے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
▫️میاں انجم نثار، محمد علی میاں اور فہیم سیگل سمیت دیگر سینئر رہنماؤں کی کاروباری برادری کیلئے خدمات، رہنمائی اور معاونت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: شاہان شیخ
پیاف، انجمن تاجران ڈی ایچ اے بورڈ اور عوامی بزنس گروپ ڈیفنس نے کاروباری برادری کے حقوق کے تحفظ، تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے باہمی تعاون اور مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں پلیٹ فارمز کے درمیان قائم تعلقات کو مستقبل میں مزید مضبوط کیا جائے گا۔
شاہان احمد شیخ، صدر انجمن تاجران ڈی ایچ اے بورڈ، چیئرمین عوامی بزنس گروپ و کنوینر ایل سی سی اے کمیٹی برائے ڈی ایچ اے رئیلٹرز اینڈ ٹریڈرز نے کاروباری برادری کے نام جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیاف، انجمن تاجران ڈی ایچ اے بورڈ اور عوامی بزنس گروپ ڈیفنس کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے اخلاص، باہمی احترام، خدمت اور اتحاد کی بنیاد پر قائم ہیں اور مستقبل میں بھی اس تعاون کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ موجودہ کاروباری ماحول میں تاجروں اور صنعتکاروں کو مختلف معاشی اور انتظامی چیلنجز کا سامنا ہے، جن کے حل کیلئے کاروباری تنظیموں کے درمیان اتحاد اور مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ مضبوط اجتماعی آواز کے ذریعے نہ صرف تاجروں کے مسائل متعلقہ حکام تک زیادہ مؤثر انداز میں پہنچائے جاسکتے ہیں بلکہ کاروبار دوست پالیسیوں کیلئے بھی منظم انداز میں کوشش کی جاسکتی ہے۔
کاروباری رہنماؤں کے مطابق پیاف لاہور کی کاروباری برادری اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں کی نمائندگی کے حوالے سے اہم پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کی نشاندہی اور کاروباری ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا آرہا ہے۔
بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کاروباری برادری کی مضبوط اور معتبر نمائندگی کیلئے ایسے پلیٹ فارمز کو مزید فعال کرنا ضروری ہے جہاں مختلف مارکیٹوں، تجارتی تنظیموں اور کاروباری گروپس کی آواز کو یکجا کیا جاسکے۔ اس مقصد کیلئے پیاف، انجمن تاجران ڈی ایچ اے بورڈ اور عوامی بزنس گروپ ڈیفنس کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر پیاف کی سینئر قیادت کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ بالخصوص میاں انجم نثار، محمد علی میاں اور فہیم سیگل سمیت دیگر سینئر رہنماؤں کی کاروباری برادری کیلئے خدمات، رہنمائی اور معاونت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سینئر کاروباری قیادت نے مختلف ادوار میں تاجروں کو درپیش مسائل کے حل، ان کی آواز متعلقہ فورمز تک پہنچانے اور کاروباری برادری کے درمیان اعتماد اور اتحاد پیدا کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ مشکل معاشی حالات میں کاروباری طبقے کو مؤثر نمائندگی اور مضبوط اجتماعی پلیٹ فارم کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے۔
کاروباری رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیاف کے پلیٹ فارم کو مزید فعال کرتے ہوئے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل اجاگر کرنے، ان کے حقوق کے تحفظ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کاروباری برادری پر بھی زور دیا کہ وہ ذاتی اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکہ مفادات کیلئے متحد ہو اور ایسے اقدامات کی حمایت کرے جن سے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔