تاریخ اشاعت: September 1, 2026 - 4:48 PM
48 Islamabad Hospitals Fined Rs 14.05 Million for Violating Building and Fire Safety Rules
اسلام آباد کے 48 ہسپتالوں کو بلڈنگ اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ
▫️پمز، پولی کلینک، کیپیٹل ہسپتال سمیت متعدد بڑے ہسپتال مقررہ بلڈنگ اور لائف سیفٹی تقاضوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر جرمانوں کی زد میں آگئے
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے 48 سرکاری و نجی ہسپتالوں اور طبی مراکز کو مقررہ بلڈنگ، فائر اور لائف سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ یہ کارروائی وفاقی دارالحکومت میں ہسپتالوں کے حفاظتی انتظامات سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے تناظر میں کی گئی۔
دستیاب ریکارڈ کے مطابق سی ڈی اے نے 30 اور 31 اگست 2026 کو ہسپتالوں اور طبی مراکز کے معائنے کیے تاکہ وہاں بلڈنگ اور فائر سیفٹی کے مقررہ تقاضوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جاسکے۔ معائنے کے دوران فائر ڈیٹیکشن سسٹم، الارم، ہنگامی اخراج کے راستوں، آگ بجھانے کے آلات اور ہنگامی انخلا کے انتظامات میں مختلف خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔
خلاف ورزیوں کی نوعیت اور شدت کے مطابق ہسپتالوں پر 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک جرمانے عائد کیے گئے۔
متعدد بڑے ہسپتال بھی جرمانے کی زد میں آئے۔ پمز، پولی کلینک ہسپتال اور کیپیٹل ہسپتال کو فائر سیفٹی کی خلاف ورزیوں پر پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ معروف انٹرنیشنل ہسپتال اور نوری اسپتال بھی بھاری جرمانوں کا سامنا کرنے والے بڑے طبی اداروں میں شامل ہیں۔
رفاہ انٹرنیشنل میڈیکل کالج، اویس ہومیوپیتھک ٹیچنگ ہسپتال، اکبر نیاز ی ٹیچنگ ہسپتال، ایڈوانس انٹرنیشنل ہسپتال، ریور گارڈن اسپتال اور اسلام آباد انٹرنیشنل ہسپتال کو بھی پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
سی ڈی اے کی جانب سے کیے گئے معائنے میں اس امر کا جائزہ لیا گیا کہ ہسپتالوں میں بلڈنگ اور فائر سیفٹی کے تحت ضروری حفاظتی انتظامات موجود اور فعال ہیں یا نہیں۔ حکام نے فائر ڈیٹیکشن اور الارم سسٹم، آگ بجھانے کے آلات، ہنگامی اخراج کے راستوں اور دیگر حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا۔
ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ اور بروقت انخلا کے انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، کیونکہ طبی مراکز میں ایسے مریض بھی موجود ہوتے ہیں جو خود نقل و حرکت نہیں کرسکتے اور ہنگامی صورتحال میں انہیں عملے کی مدد، اسٹریچر یا دیگر معاون ذرائع کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
معائنے کے دوران متعدد اداروں میں سنگین نوعیت کی خامیوں کی نشاندہی ہوئی، جبکہ بعض ہسپتالوں میں مریضوں اور عملے کے ہنگامی انخلا کے انتظامات بھی غیر تسلی بخش قرار دیے گئے۔ آگ لگنے کی صورت میں ایسی خامیاں مریضوں، عملے اور دیگر افراد کی زندگیوں کے لیے خطرات میں نمایاں اضافہ کرسکتی ہیں۔
تازہ کارروائی اسلام آباد میں بلڈنگ کنٹرول اور فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کی سی ڈی اے کی ذمہ داریوں کا بھی حصہ ہے۔ ہسپتالوں اور طبی مراکز کو عمارت کے ہستعمال اور نوعیت کے مطابق ضروری حفاظتی انتظامات برقرار رکھنا ہوتے ہیں، جن میں محفوظ ہنگامی راستے اور مؤثر ایمرجنسی رسپانس انتظامات شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سی ڈی اے اس سے قبل بھی متعدد ہسپتالوں اور طبی مراکز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حفاظتی خامیاں دور کرنے اور مقررہ تقاضوں کے مطابق انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کر چکا تھا، تاہم مطلوبہ اقدامات نہ کیے جانے پر اب جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
سی ڈی اے کی کارروائی سے واضح ہوتا ہے کہ اسپتالوں میں بلڈنگ قوانین کے نفاذ، ہنگامی اخراج کے راستوں، فائر پروٹیکشن سسٹم اور مریضوں کے محفوظ انخلا کے انتظامات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے ہسپتالوں اور دیگر زیادہ افراد کی موجودگی والی عمارتوں کی نگرانی کا سلسلہ جاری رکھنے کا امکان ہے تاکہ خلاف ورزیوں کا خاتمہ اور بلڈنگ، فائر اور لائف سیفٹی کے مقررہ معیار پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔