لاہور | ری نیوز پاکستان
بسنت 2027 کے پیش نظر اندرون شہر لاہور میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کے لیے جاری سروے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ حکام کے مطابق اندرون لاہور کے پانچ وارڈز میں تقریباً 10 ہزار عمارتوں کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے، جن میں سے 271 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
سروے کے مطابق اندرون شہر کے تاریخی علاقے لوہاری گیٹ میں سب سے زیادہ 95 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ ٹیکسالی گیٹ میں 57 عمارتیں خطرناک پائی گئی ہیں۔
اسی طرح اکبری گیٹ اور دہلی گیٹ پر مشتمل وارڈ میں 52، بھاٹی گیٹ میں 43 اور یکی گیٹ میں 24 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اندرون لاہور کے مجموعی طور پر 9 وارڈز میں تقریباً 22 ہزار عمارتیں موجود ہیں۔ ان میں سے پانچ وارڈز کا سروے مکمل ہونے کے بعد باقی چار وارڈز میں عمارتوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
سروے کا مقصد بسنت کے دوران شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ایسی عمارتوں کی نشاندہی کرنا ہے جن کی چھتیں یا تعمیراتی ڈھانچے پتنگ بازی اور بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کے لیے غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔
اندرون لاہور کی متعدد عمارتیں کئی دہائیوں پرانی ہیں، جن میں سے بعض کی چھتیں، دیواریں اور دیگر تعمیراتی حصے کمزور ہو چکے ہیں۔ ایسی عمارتوں پر بسنت کے دوران لوگوں کے جمع ہونے سے حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
پنجاب حکومت پہلے ہی لاہور میں 12 سے 14 مارچ 2027 تک محفوظ بسنت منانے کا اعلان کر چکی ہے۔ اس سلسلے میں پرانی اور کمزور عمارتوں کی چھتوں کے معائنے اور حفاظتی اقدامات سے متعلق ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
حکومتی ہدایات کے مطابق غیر محفوظ چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ متعلقہ حکام کو پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا معائنہ کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ غیر تسلی بخش معائنے کی صورت میں ایسی عمارتوں پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جا سکے گی۔