تاریخ اشاعت: May 6, 2026 - 5:49 PM
وزیراعظم کا ہاؤسنگ فنانس پروگرام: خواب بڑا، راستہ قانونی و انتظامی طور پر حساس!
وزیراعظم کا ہاؤسنگ فنانس پروگرام: خواب بڑا، راستہ قانونی و انتظامی طور پر حساس!
اصل سوال یہ ہے کہ کیا ریاست ایک ایسے وقت میں سودی یا مارک اَپ پر مبنی بڑے مالیاتی پروگرام کو آگے بڑھا سکتی ہے جب آئینِ پاکستان میں ربا کے خاتمے کو ریاستی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے؟ آئین کے آرٹیکل 38(f) میں ربا کے خاتمے کا اصول موجود ہے، جبکہ حالیہ آئینی تبدیلیوں اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کے بعد سودی نظام سے بتدریج منتقلی کا دباؤ مزید بڑھ چکا ہے۔ اسی لیے اگر یہ پروگرام روایتی بینکاری کے سودی ڈھانچے پر کھڑا رہا تو اس پر شرعی، قانونی اور عوامی سطح پر اعتراضات اٹھ سکتے ہیں۔
دوسری بڑی رکاوٹ وفاق اور صوبوں کے اختیارات کی ہے۔ زمین، ہاؤسنگ، شہری منصوبہ بندی، بلڈنگ کنٹرول، لینڈ ریکارڈ، انتقالات، رجسٹریشن اور مقامی ترقیاتی منظوریوں کا بڑا حصہ صوبائی اور مقامی حکومتوں کے دائرہ اختیار سے جڑا ہے۔ وفاقی حکومت فنانس دے سکتی ہے، پالیسی بنا سکتی ہے، بینکوں اور اداروں کو متحرک کر سکتی ہے، مگر زمین کی قانونی حیثیت، ملکیت کے تنازعات، قبضہ، غیر منظور شدہ سوسائٹیز اور نقشہ منظوری جیسے معاملات صوبوں اور مقامی اداروں کے بغیر حل نہیں ہو سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ قومی ہاؤسنگ پالیسی 2025 میں بھی کمزور فورکلوژر قوانین، زمین کے تنازعات، پیچیدہ رجسٹریشن عمل اور خریداروں کے تحفظ کی کمی کو ہاؤسنگ فنانس کی بڑی رکاوٹوں میں شمار کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق تیسرا مسئلہ شفافیت اور اہلیت کا ہے۔ اگر 3.2 ٹریلین روپے کے مالیاتی حجم میں سیاسی سفارش، جعلی اہلیت، غیر مستحق افراد، بینکنگ رسک یا ڈویلپرز کی ملی بھگت شامل ہو گئی تو یہ منصوبہ عوامی ریلیف کے بجائے ایک اور متنازع مالیاتی سکیم بن سکتا ہے۔ اسی لیے ای سی سی نے حالیہ نظرثانی شدہ فریم ورک میں ادارہ جاتی فنانسنگ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، نان بینکنگ فنانشل اداروں، اوورسیز پاکستانیوں کی شمولیت، بہتر تصدیقی عمل اور تھرڈ پارٹی ویریفکیشن پر زور دیا ہے۔
لہٰذا قانونی رکاوٹیں ناقابلِ عبور نہیں، مگر حقیقی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس پروگرام کو اسلامی فنانسنگ، شفاف ڈیجیٹل ویریفکیشن، صوبائی ہم آہنگی، مضبوط لینڈ ریکارڈ، خریداروں کے تحفظ، اور عدالتوں میں قابلِ دفاع پالیسی بنیادوں پر کھڑا کرے۔ گھر دینا ریاستی فلاح کا خوبصورت وعدہ ہے، مگر یہ وعدہ صرف نعروں سے نہیں، قانون، آئین اور شفاف نظام کی بنیاد پر ہی عوام کے دروازے تک پہنچ سکتا ہے۔