تاریخ اشاعت: August 24, 2026 - 4:58 PM
Delayed and Incomplete Real Estate Projects in Pakistan: A Growing Concern
پاکستان میں رئیل اسٹیٹ منصوبوں میں تاخیر: بڑھتا ہوا سنگین مسئلہ
تاخیر کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ بعض تعمیراتی ادارے ضروری قانونی اور مالی تقاضے مکمل کرنے سے پہلے ہی منصوبے فروخت کیلئے پیش کر دیتے ہیں۔ کچھ رہائشی سکیمیں مکمل زمین خریدے، منظور شدہ نقشہ حاصل کیے یا متعلقہ ترقیاتی ادارے سے اجازت نامہ لیے بغیر مشتہر کردی جاتی ہیں۔ پرکشش اشتہارات، آسان اقساط اور تیز رفتار تعمیراتی کام کے دعوے لوگوں کو منصوبے کی قانونی حیثیت جانچے بغیر سرمایہ لگانے پر آمادہ کر دیتے ہیں۔
مالی بدانتظامی بھی منصوبوں کی تاخیر کی اہم وجہ ہے۔ بعض ڈویلپر ایک منصوبے کے خریداروں سے حاصل ہونے والی رقم دوسرے منصوبے کیلئے زمین خریدنے یا تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھنے پر خرچ کر دیتے ہیں۔ جائیداد کی فروخت میں کمی آتے ہی رقم کی ترسیل متاثر ہوتی ہے اور تعمیراتی کام رک جاتا ہے۔ اس کے بعد خریداروں کو مہنگائی، سرکاری منظوریوں میں تاخیر یا تعمیراتی سامان کی بڑھتی قیمتوں کو منصوبہ مکمل نہ ہونے کی وجہ بتایا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ عوامل حقیقی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، لیکن بعض صورتوں میں انہیں ناقص منصوبہ بندی اور خریداروں کی رقم کے غلط استعمال کو چھپانے کیلئے بھی پیش کیا جاتا ہے۔
اس صورتحال کے خریداروں پر سنگین مالی اور سماجی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کئی خاندان نامکمل گھر کی اقساط ادا کرنے کے ساتھ کرایہ بھی ادا کرتے رہتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کی جمع پونجی برسوں تک پھنسی رہتی ہے، جبکہ فائل یا زیر تعمیر جائیداد کی دوبارہ فروخت کی قیمت بھی گر سکتی ہے۔ رقم واپس مانگنے والے خریداروں کو پیچیدہ طریقہ کار، طویل انتظار اور اصل رقم میں کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عدالتوں اور سرکاری اداروں میں درج شکایات کے فیصلے بھی کئی برس لے سکتے ہیں۔
نامکمل رہائشی سکیمیں شہری مسائل میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔ ایسے منصوبوں میں اکثر سڑکیں، نکاسی آب، بجلی، گیس، پانی اور سیوریج کا مکمل نظام موجود نہیں ہوتا۔ بعض مقامات پر محدود تعداد میں خاندانوں کو قبضہ دے دیا جاتا ہے، لیکن انہیں بنیادی سہولیات کے بغیر زندگی گزارنا پڑتی ہے۔ یہ منصوبے بے ہنگم شہری پھیلاؤ کا سبب بنتے اور اردگرد کے بنیادی ڈھانچے پر اضافی دباؤ ڈالتے ہیں۔
اس مسئلے کے حل کیلئے مؤثر نگرانی اور سخت قوانین پر عمل ضروری ہے۔ زمین کی ملکیت، منصوبے کی منظوری اور ڈویلپر کی مالی استعداد کی تصدیق سے پہلے اشتہارات اور رقوم کی وصولی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ خریداروں کی ادائیگیاں محفوظ منصوبہ جاتی کھاتوں میں رکھی جائیں اور انہیں صرف اسی منصوبے کی تعمیر پر خرچ کیا جائے۔ متعلقہ اداروں کو منظور شدہ منصوبوں، تعمیراتی پیش رفت، قانونی تنازعات اور متوقع تاریخ تکمیل کی تازہ معلومات بھی عوام کیلئے جاری کرنی چاہییں۔
خریداروں کو بھی سرمایہ کاری سے پہلے متعلقہ ادارے سے منصوبے کی منظوری، زمین کی ملکیت اور تحریری معاہدے میں درج تاریخ قبضہ کی تصدیق کرنی چاہیے۔ فروخت کنندگان کے زبانی دعوؤں کو کبھی سرکاری دستاویزات کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔
نامکمل منصوبے پاکستان کی پوری رئیل اسٹیٹ مارکیٹ پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ شفافیت، ذمہ دارانہ تعمیرات اور مؤثر قانونی کارروائی کے ذریعے خریداروں کا تحفظ اور سنجیدہ ڈویلپرز کی حوصلہ افزائی ممکن ہے۔ جائیداد میں سرمایہ کاری کو تحفظ اور استحکام فراہم کرنا چاہیے، برسوں کی مالی بے یقینی اور قانونی جدوجہد نہیں۔