کراچی | ری نیوز پاکستان
سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) نے کراچی کے ناردرن بائی پاس، ایم ٹین، کے ساتھ کم از کم 400 ایکڑ پر جدید ٹرک ٹرمینل اور لاجسٹکس پارک کی تعمیر کیلئے تفصیلی بولی دستاویزات جاری کر دی ہیں۔ منصوبے میں ٹرکوں کی پارکنگ اور روانگی کے انتظام کو گوداموں، تجارتی مقامات اور ضروری معاون خدمات کے ساتھ یکجا کیا جائے گا۔
16 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ درخواستِ تجاویز (آر ایف پی) کے تحت نجی ڈویلپر یا کنسورشیم زمین کا انتظام، سرمایہ کاری، ڈیزائن، تعمیر اور سہولت کو چلانے کی ذمہ داری ایک ہی کنسیشن معاہدے کے تحت سنبھالے گا۔ مجوزہ مقام ناردرن بائی پاس کے کسی بھی جانب ہوسکتا ہے، تاہم ایم ٹین موٹروے سے براہِ راست رسائی ضروری ہوگی۔
ٹرمینل میں بیک وقت تقریباً پانچ ہزار ٹرکوں کو رکھنے اور روزانہ کم از کم پانچ ہزار ٹرکوں کی آمدورفت سنبھالنے کی گنجائش تجویز کی گئی ہے۔ ٹرکوں کی قطار بندی اور باری کے مطابق روانگی کیلئے مرکزی نظام بھی قائم کیا جائے گا۔
منصوبے میں 250 ایکڑ ٹرکوں کی پارکنگ اور روانگی سے قبل انتظار کیلئے، جبکہ مزید 150 ایکڑ لاجسٹکس اور تجارتی معاون سہولتوں کیلئے مختص کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ ان میں گودام، سامان کو ایک گاڑی سے دوسری میں منتقل کرنے کی سہولتیں، کولڈ اسٹوریج، کنٹینر اسٹوریج، فریٹ فارورڈنگ دفاتر، ورکشاپس، فیول اسٹیشن اور ڈرائیوروں کی رہائش شامل ہوں گے۔ بینکنگ، کھانے پینے اور طبی سہولتیں بھی مجوزہ دائرۂ کار کا حصہ ہیں۔
کنسیشن معاہدے کی مدت 25 سال رکھی گئی ہے، جس میں انجینئرنگ اور تعمیر کیلئے زیادہ سے زیادہ دو سال اور آپریشن و دیکھ بھال کیلئے 23 سال شامل ہیں۔ تعمیر کے دوران ابتدائی تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت بھی ہوگی، بشرطیکہ کم از کم ایک ہزار ٹرکوں کی گنجائش اور ضروری خدمات مکمل ہوکر ان کی تصدیق کردی جائے۔
دستاویزات کے مطابق زمین کے حصول اور منصوبے کی ترقی کیلئے تمام سرمایہ نجی شعبہ فراہم کرے گا۔ ایس ایم ٹی اے کی جانب سے سرکاری زمین، سرمایہ یا سبسڈی فراہم نہیں کی جائے گی۔ زمین اور عمارتوں کی ملکیت کنسیشن حاصل کرنے والے فریق یا متعلقہ زمین مالک کے پاس رہے گی، جبکہ معاہدہ سہولت چلانے اور انتظام کے حقوق فراہم کرے گا۔
بولی دہندگان کیلئے دو کروڑ 50 لاکھ روپے کی ضمانتِ بولی مقرر کی گئی ہے، جبکہ آر ایف پی دستاویزات کی ناقابلِ واپسی فیس پانچ ہزار روپے ہے۔