تاریخ اشاعت: November 13, 2026 - 10:01 AM
Senate Committee Uncovers 27 Allegedly Illegal Housing Societies on Jammu and Kashmir State Land in Lahore
لاہور میں ریاست جموں و کشمیر کی اراضی پر 27 مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا انکشاف
▫️ سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کا سلطان پورہ، رحمان پورہ اور نولکھا بازار میں ریاستی املاک کا دورہ، غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری اراضی پر قبضوں پر تشویش کا اظہار
لاہور میں ریاست جموں و کشمیر کی ملکیتی اراضی پر 27 مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے قیام کا انکشاف ہوا ہے، جہاں شہریوں کو رہائشی پلاٹ فروخت کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یہ معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سرحدی علاقہ جات کی ذیلی کمیٹی کے کنوینر ناصر محمود بٹ کی سربراہی میں ریاستی املاک کے دورے کے دوران سامنے آیا۔ وفد میں سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر ندیم بھٹو بھی شامل تھے۔ کمیٹی نے لاہور کے علاقوں سلطان پورہ، رحمان پورہ اور نولکھا بازار میں واقع ریاست جموں و کشمیر کی املاک کا معائنہ کیا اور ان کی قانونی حیثیت، انتظامی امور اور تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کی ملکیتی اراضی پر مبینہ طور پر قانونی اجازت کے بغیر متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیاں قائم کی گئی ہیں، جبکہ متنازع اراضی پر رہائشی مکانات بھی تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ کمیٹی نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد شہری اس حقیقت سے لاعلم ہیں کہ وہ جن پلاٹوں کی خریداری کر رہے ہیں یا جہاں مکانات تعمیر کر رہے ہیں، وہ دراصل ریاست جموں و کشمیر کی ملکیتی اراضی ہے۔ اس صورتحال کے باعث خریداروں کو مستقبل میں قانونی تنازعات، مالی نقصانات اور ممکنہ دھوکہ دہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دورے کے دوران متعلقہ حکام نے کمیٹی کو ریاستی املاک کے ریکارڈ، انتظامی معاملات، کرایہ کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن، غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے 27 مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی قانونی حیثیت، اراضی کی ملکیت کے دستاویزی ثبوت اور رہائشی پلاٹوں کی خرید و فروخت کے ریکارڈ کی جامع جانچ پڑتال پر زور دیا تاکہ ممکنہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جا سکے اور متاثرہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے واضح کیا کہ ریاست جموں و کشمیر کی املاک قیمتی ریاستی اثاثے ہیں جن کا مؤثر تحفظ، شفاف انتظام اور قانونی نگرانی ناگزیر ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز خرید و فروخت اور مزید تجاوزات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو جائیداد کی خریداری میں ممکنہ فراڈ، مالی نقصان اور قانونی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنا متعلقہ اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔