لاہور | ری نیوز پاکستان
پنجاب حکومت نے سٹامپ ڈیوٹی کے نظام میں اہم تبدیلیاں متعارف کراتے ہوئے مخصوص قریبی رشتہ داروں کے درمیان ہبہ ناموں کو سٹامپ ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے، جبکہ دیگر ہبہ ناموں پر ڈیوٹی کی شرح دو فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کردی گئی ہے۔
گورنر پنجاب کے جاری کردہ سٹامپ (دوسری ترمیم) آرڈیننس 2026ء کے ذریعے سٹامپ ایکٹ 1899ء میں متعدد ترامیم کی گئی ہیں۔ آرڈیننس 20 اکتوبر 2026ء کو پنجاب کے سرکاری گزٹ کے غیرمعمولی شمارے میں شائع ہوا اور فوری طور پر نافذ کردیا گیا۔
نئے نظام کے تحت یکساں مالیت کی غیرمنقولہ جائیدادوں کے تبادلے پر ایک ہزار روپے مقررہ اسٹامپ ڈیوٹی عائد ہوگی۔ مخصوص قریبی رشتہ داروں کے درمیان ہبہ ناموں کے ساتھ سرکاری لیز کو بھی اسٹامپ ڈیوٹی سے استثنا دیا گیا ہے۔
رہائشی کرایہ ناموں کے لیے سالانہ کرائے کی بنیاد پر تین ہزار سے 25 ہزار روپے تک مقررہ ڈیوٹی متعارف کرائی گئی ہے۔ متعلقہ کرایہ نامے پر قابلِ ادائیگی رقم سالانہ کرائے کے مطابق متعین ہوگی۔
ترامیم کے تحت بورڈ آف ریونیو کو اراضی کی ویلیوایشن ٹیبل میں ترمیم اور نظرثانی کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں، جبکہ ای اسٹامپنگ کے نظام کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان قانونی اقدامات کا مقصد سٹامپ ڈیوٹی کی وصولی کو جدید خطوط پر استوار کرنا، قانونی ابہام دور کرنا اور محصولات کی وصولی کے انتظامی طریقۂ کار کو مؤثر بنانا بتایا گیا ہے۔