اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاہم مجوزہ معاہدے کی چند تکنیکی شقوں پر امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر سے مزید بات چیت درکار ہے۔
یہ بات سیکرٹری تجارت جواد پال نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر کی ملاقات کے دوران بتائی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان بھی موجود تھے۔
جام کمال خان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں پاکستانی آم اور کھجور کی امریکی منڈی تک رسائی کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ سیکرٹری تجارت نے پاکستانی آم کی برآمدات کے لیے امریکی معائنہ ٹیموں کے دورے کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی کھجور کو امریکی منڈی تک رسائی ملنے سے کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کو فائدہ ہوگا۔
امریکی وفد نے پاکستانی زرعی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کے معاملات پر متعلقہ حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی۔ فریقین نے امریکا سے کپاس اور سویابین کی درآمدات بڑھانے اور تجارتی مالی معاونت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ اور کولڈ چین میں تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں کھجور، زیتون کے تیل اور دیگر زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے مواقع بھی اجاگر کیے۔
جام کمال خان نے امریکی کاروباری اداروں کو 23 سے 26 نومبر تک کراچی میں ہونے والی فوڈ ایگ 2026 نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات میں معدنیات، کان کنی، تکنیکی تعاون اور ہنرمند افرادی قوت کی ترقی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ امریکی وفد نے پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
وفاقی وزیر نے حب، بلوچستان کو صنعتی سرمایہ کاری، مینوفیکچرنگ اور خصوصی اقتصادی زونز کے لیے اہم مقام قرار دیا۔ اس موقع پر افغانستان اور وسط ایشیائی منڈیوں تک زمینی تجارتی راستوں کو درپیش مشکلات اور علاقائی تجارتی روابط پر بھی گفتگو ہوئی۔
سیکرٹری تجارت نے کہا کہ مستحکم تجارتی راستے اور مؤثر لاجسٹکس برآمدات کے فروغ کے لیے ضروری ہیں۔ جام کمال خان نے واضح کیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی پائیدار اقتصادی شراکت داری کا خواہاں ہے۔
نٹالی اے بیکر نے پاکستان کے ساتھ تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں جانب سے تجارتی مذاکرات آگے بڑھانے، مارکیٹ تک رسائی کے مسائل حل کرنے اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔