اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
پاکستان اور ترکیہ نے بلوچستان میں سونے، تانبے، چاندی، اینٹی منی، مولبڈینم اور دیگر اہم معدنیات کی مشترکہ تلاش اور ترقی کیلئے شراکت داری کے معاہدے کی ابتدائی دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت بلوچستان کے ضلع پشین میں تقریباً 499 مربع کلومیٹر رقبے پر معدنی ذخائر کی تلاش، ان کی ترقی اور مستقبل میں تجارتی استعمال کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کمپنی (ایم ٹی اے آئی سی) کے درمیان معاہدے کی ابتدائی دستاویز، جسے ٹرم شیٹ کہا جاتا ہے، پر 16 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد میں دستخط کیے گئے۔ یہ منصوبہ ایکسپلوریشن لائسنس EL-318 کے تحت 498.82 مربع کلومیٹر علاقے پر محیط ہے۔
ابتدائی معاہدے کے مطابق دونوں ادارے بلوچستان حکومت کی نامزد کردہ کمپنی کے اشتراک سے پاکستان میں ایک مشترکہ منصوبے کی کمپنی قائم کریں گے۔ اس منصوبے کے انتظامی اور تکنیکی امور کی ذمہ داری ترک کمپنی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کو سونپی جائے گی، جو معدنیات کی تلاش کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی مہارت فراہم کرے گی۔
منصوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش، کان کنی، پروسیسنگ اور مارکیٹنگ کے امکانات شامل ہیں۔ معدنی وسائل کی جانچ اور رپورٹنگ بین الاقوامی JORC معیارات کے مطابق کی جائے گی تاکہ ممکنہ ذخائر کی مقدار اور ان کی تجارتی افادیت کا سائنسی بنیادوں پر تعین کیا جا سکے۔
اس شراکت داری میں اینٹی منی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جو دفاعی صنعت، بیٹریوں، الیکٹرانکس، مختلف دھاتی مرکبات اور آگ سے تحفظ فراہم کرنے والے مواد کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔ عالمی سطح پر اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اس منصوبے کو پاکستان کے معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پی ایم ڈی سی کے مرکزی دفتر میں ہونے والی تقریب میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو انجینئر اسد احمد اور ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے جنرل منیجر ڈاکٹر نائل یلدرم نے ابتدائی دستاویز پر دستخط کیے۔