تاریخ اشاعت: October 10, 2026 - 1:01 PM
Pakistan Plans to End Existing Electricity, Gas Slab and Subsidy Systems Under IMF Reforms from 2027
آئی ایم ایف شرائط پر بجلی و گیس صارفین کیلئے سلیب اور سبسڈی ختم کرنے کی تیاری
▫️ سبسڈی صرف مستحق اور کم آمدنی والے صارفین تک محدود کرنے کا فیصلہ، صارفین کے کوائف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے منسلک ہوں گے
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانوفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عملدرآمد اور توانائی کے شعبے میں مالیاتی اصلاحات کے تحت بجلی اور گیس کے صارفین کیلئے رائج سلیب اور کراس سبسڈی نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی تیاریاں تیز ...
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عملدرآمد اور توانائی کے شعبے میں مالیاتی اصلاحات کے تحت بجلی اور گیس کے صارفین کیلئے رائج سلیب اور کراس سبسڈی نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔ مجوزہ اصلاحات کے تحت بجلی کیلئے جنوری 2027 جبکہ گیس کیلئے یکم جولائی 2027 سے نیا سبسڈی نظام متعارف کرانے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے، جس میں حکومتی مالی معاونت صرف مستحق اور کم آمدنی والے گھرانوں تک محدود رکھی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت موجودہ نظام کی جگہ ایسا طریقہ کار اختیار کرنا چاہتی ہے جس کے تحت بجلی اور گیس کے استعمال یا صارفین کی موجودہ کیٹیگریز کی بنیاد پر دی جانے والی عمومی رعایتوں کے بجائے گھرانوں کی حقیقی معاشی حیثیت کو سبسڈی کی اہلیت کا بنیادی معیار بنایا جائے گا۔
اس مقصد کیلئے پاور ڈویژن نے عالمی بینک کے تعاون سے بجلی صارفین کے کوائف کو قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کے ساتھ منسلک کرنے اور مستحق گھرانوں کی شناخت کا عمل تیز کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو نومبر 2026 کے اختتام تک صارفین کے کوائف کی جانچ پڑتال اور رجسٹری کے ساتھ منسلک کرنے کا عمل مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، جس کے بعد سبسڈی کے حصول کیلئے اہلیت کے معیارات طے کیے جائیں گے۔
نئے نظام میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا اور مستحق گھرانوں کی سماجی و اقتصادی معلومات سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ حکومتی امداد ان صارفین تک پہنچائی جاسکے جو بجلی اور گیس کے مکمل اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اصلاحاتی پروگرام کے مطابق بجلی کے موجودہ ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی اور کراس سبسڈی نظام کو مرحلہ وار ایک ایسے بجٹ سے فراہم کردہ امدادی نظام میں تبدیل کرنا ہے جس میں کم آمدنی والے گھرانوں کو براہ راست مالی معاونت فراہم کی جاسکے۔
اس مقصد کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سبسڈی کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار جنوری 2027 کے اختتام تک متعارف کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اصلاحات کا ایک اہم مقصد بجلی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں، سبسڈی کے مالی بوجھ اور پیداواری و ترسیلی اخراجات کے مسائل سے نمٹنا بھی ہے۔
موجودہ نظام میں مختلف اقسام کے صارفین کیلئے بجلی اور گیس کی قیمتوں کے الگ الگ سلیب مقرر ہیں جبکہ بعض صارفین کو کم نرخوں پر سہولت فراہم کرنے کیلئے دیگر صارفین سے نسبتاً زیادہ قیمتیں وصول کی جاتی ہیں، جسے کراس سبسڈی کہا جاتا ہے۔
حکومت اس نظام میں تبدیلی کے ذریعے سبسڈی کو عمومی رعایت کے بجائے مستحق گھرانوں کیلئے مخصوص مالی معاونت میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔
تاہم نئے طریقہ کار کے نفاذ سے ایسے صارفین کے بل متاثر ہوسکتے ہیں جو اس وقت رعایتی سلیب یا کراس سبسڈی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن مستقبل میں کم آمدنی والے مستحق گھرانوں کی فہرست میں شامل نہیں ہوں گے۔
اسی طرح ایسے مستحق گھرانوں کو نئے نظام کے تحت مالی معاونت فراہم کرنے کی تجویز ہے جن کی معاشی حیثیت متعلقہ رجسٹری اور مقرر کردہ اہلیت کے معیار کے مطابق ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کے شعبے کیلئے بھی سبسڈی اور صارفین کی درجہ بندی کے موجودہ طریقہ کار پر نظرثانی کی جارہی ہے اور یکم جولائی 2027 سے ایک نیا نظام متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
گیس کے شعبے میں اصلاحات کی ایک اہم وجہ مختلف صارفین کیلئے مقرر کردہ نرخوں اور گیس کی فراہمی پر آنے والے حقیقی اخراجات کے درمیان فرق بھی ہے، جس سے گیس کمپنیوں کے مالی معاملات اور شعبے کے گردشی قرضوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
توانائی کے شعبے میں ان اصلاحات کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی تنظیم نو، نجکاری کی تیاریوں اور مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے کی کوششوں کے ساتھ بھی منسلک کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بنیادی ٹیرف میں ردوبدل کیلئے متعلقہ ریگولیٹری فورم سے رجوع کیا گیا ہے جبکہ حکومت توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت سے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کررہی ہے۔
ماہرین کے مطابق مجوزہ نظام کی کامیابی کیلئے ضروری ہوگا کہ مستحق صارفین کی شناخت شفاف انداز میں کی جائے، سماجی و اقتصادی رجسٹری میں درست معلومات شامل ہوں اور مالی معاونت کی فراہمی کیلئے مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے