تاریخ اشاعت: October 21, 2026 - 4:01 PM
Lahore High Court Declares Pre-2023 Property Tax Demands Against LUMS Unlawful
لاہور ہائیکورٹ: لمز یونیورسٹی پر 2023 سے پہلے کے پراپرٹی ٹیکس کے مطالبات غیرقانونی قرار دیدیے گئے
▫️ قانون میں ترمیم سے قبل تعلیمی اداروں کو پراپرٹی ٹیکس سے استثنا حاصل تھا، نئی ترمیم کا ماضی پر اطلاق نہیں کیا جاسکتا: فاضل عدالت
لاہور | ریاض حسین ری نیوز پاکستان لاہور ہائیکورٹ نے ڈی ایچ اے فیز فائیو میں واقع لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) پر عائد پراپرٹی ٹیکس کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے 2023 سے پہلے کے ٹیکس مطالبات کو غیرقانونی قرار دے دیا۔
لاہور | ریاض حسین ری نیوز پاکستان
لاہور ہائیکورٹ نے ڈی ایچ اے فیز فائیو میں واقع لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) پر عائد پراپرٹی ٹیکس کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے 2023 سے پہلے کے ٹیکس مطالبات کو غیرقانونی قرار دے دیا۔ عدالت نے کینٹ بورڈ کے 2011 اور 2017 میں ٹیکس سے متعلق جاری کردہ احکامات بھی منسوخ کردیے۔
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے لمز یونیورسٹی کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ 2023 میں قانون میں ترمیم سے پہلے تعلیمی اداروں کو پراپرٹی ٹیکس سے چھوٹ حاصل تھی، اس لیے نئی قانونی ترمیم کو ماضی کے ٹیکس مطالبات پر لاگو نہیں کیا جاسکتا۔تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا کہ یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ سے فیس وصول کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کمرشل بنیادوں پر کام کررہی ہے۔ عدالت کے مطابق لمز ایک غیرمنافع بخش تعلیمی ادارہ ہے اور فیسوں سے حاصل ہونے والی رقم دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں اور مستحق طلبہ کے وظائف پر خرچ کی جاتی ہے۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ یا مالکان اس رقم سے ذاتی فائدہ حاصل نہیں کرتے۔ محض فیس وصول کرنے کی بنیاد پر کسی تعلیمی ادارے کو کمرشل ادارہ تصور نہیں کیا جاسکتا۔
فیصلے میں 2023 میں متعارف کرائی گئی قانونی ترمیم کے ماضی پر اطلاق کو بھی درست تسلیم نہیں کیا گیا۔ اسی بنیاد پر عدالت نے یونیورسٹی سے سابقہ عرصے کے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے مطالبات غیرقانونی قرار دے دیے۔