تاریخ اشاعت: November 5, 2026 - 2:01 PM
Lahore Fort’s Akbari Gate Restored After Decades of Closure
لاہور قلعے کا تاریخی اکبری دروازہ کئی دہائیوں بعد بحال
▫️ برطانوی دور سے بند داخلی راستہ اندرونِ شہر کو قلعے سے ملائے گا اور آمدورفت کا زیادہ براہِ راست راستہ بنے گا
لاہور قلعے کے تاریخی اکبری دروازے کی بحالی مکمل کرلی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دروازے کو سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کے لیے فعال بنانے سے پہلے وہاں ٹکٹ گھر قائم کیا جائے گا۔ دروازے اور قلعے میں واقع ایک اور تاریخی عمارت کیوریٹر ہاؤس کی بحالی کے سلسلے میں سافٹ لانچ کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ کام ’’ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن: لاہور قلعہ اور اس کے بفر زون میں سیاحت کا فروغ‘‘ (HURL) منصوبے کے تحت کیا گیا۔
2022 میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو فرانسیسی ترقیاتی ادارے (AFD) کی معاونت حاصل ہے، جبکہ پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹج ایریاز اتھارٹی (PWCA) اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان (AKCS-P) اسے مشترکہ طور پر نافذ کر رہے ہیں۔ مذکورہ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نجم ثاقب نے کہا کہ بحال شدہ دروازے سے تاریخی مقامات تک عوام کی رسائی بہتر ہوگی، سیاحوں کی آمد بڑھے گی اور معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کے مطابق دروازہ کھلنے سے لاہور قلعے اور اس کے گرد واقع اندرونِ شہر کے درمیان آمدورفت کا زیادہ براہِ راست راستہ بنے گا۔
کیوریٹر ہاؤس برطانوی دور کی عمارت ہے، جسے پہلے پہرے داروں کے کمرے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ بعد میں یہ انتظامی اور رہائشی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوئی۔ حکام اسے سیاحوں کے لیے کھانے پینے کی جگہ میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر توصیف خواجہ نے کہا کہ تحفظ اور بحالی کے کام کا مقصد مقامی آبادی اور معاشی سرگرمیوں کی معاونت کے ساتھ لاہور کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔