اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
خیبرپختونخوا حکومت نے دریائے سوات پر تعمیر کیے جانے والے تقریباً 770 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت کے حامل چار اہم پن بجلی منصوبوں کو قومی بجلی پیداوار کے توسیعی منصوبے سے خارج کیے جانے کے معاملے پر وفاقی حکومت کے ساتھ پیدا ہونے والا آئینی تنازع مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں اٹھا دیا ہے۔ صوبائی حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان منصوبوں کو قومی منصوبہ بندی سے نکالنے کا فیصلہ نہ صرف صوبائی خودمختاری کے اصولوں کے منافی ہے بلکہ مشترکہ مفادات کونسل کے پہلے سے منظور شدہ فیصلوں سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے 29 ستمبر 2026 کو لکھے گئے خط کے ذریعے مشترکہ مفادات کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ دریائے سوات کے چاروں پن بجلی منصوبوں کو انڈیکیٹو جنریشن کیپیسٹی ایکسپینشن پلان (آئی جی سی ای پی) 2025-35 میں دوبارہ شامل کیا جائے اور قومی بجلی پیداوار کی منصوبہ بندی کے لیے 2021 میں منظور کیے گئے معیار اور مفروضوں کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے۔
اس سلسلے میں صوبائی محکمہ بین الصوبائی رابطہ نے مجوزہ سمری پر وفاقی پاور ڈویژن اور پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز سے متعلقہ قواعد کے تحت دو ہفتوں کے اندر اپنی رائے اور تجاویز طلب کرلی ہیں تاکہ معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل کے سامنے پیش کرنے کے لیے ضروری کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔
صوبائی محکمہ توانائی و بجلی کی تیار کردہ سمری کے مطابق متنازع منصوبوں میں 207 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا مادیان پن بجلی منصوبہ، 94.96 میگاواٹ کا گبرال کالام منصوبہ، 238.2 میگاواٹ کا کالام اسریت منصوبہ اور 229.4 میگاواٹ کا اسریت کیدم پن بجلی منصوبہ شامل ہیں۔ چاروں منصوبوں کی مجموعی مجوزہ پیداواری صلاحیت 769.56 میگاواٹ ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے 6 نومبر 2021 کو منعقد ہونے والے 48ویں اجلاس میں یہ اصول منظور کیا گیا تھا کہ ایسے صوبائی سرکاری منصوبے جن کے پی سی ون مارچ 2021 تک منظور ہوچکے ہوں اور جن کے لیے مالی انتظامات بھی موجود ہوں، انہیں قومی بجلی پیداوار کی منصوبہ بندی میں جاری منصوبوں کی حیثیت دی جائے گی۔
صوبائی حکومت کے مطابق اسی فیصلے کی بنیاد پر دریائے سوات کے چاروں پن بجلی منصوبوں کو آئی جی سی ای پی 2021-31 میں شامل کیا گیا تھا۔ اس منظوری کے بعد منصوبوں کی تیاری، مالی وسائل کی فراہمی اور پیدا ہونے والی بجلی کی قومی ترسیلی نظام تک منتقلی کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے سے متعلق اقدامات آگے بڑھائے گئے۔
تاہم صوبائی حکومت نے اعتراض اٹھایا ہے کہ ان منصوبوں کو نئے آئی جی سی ای پی35، 2025 سے صوبائی حکومت کے ساتھ مناسب مشاورت کے بغیر خارج کردیا گیا، جس سے پہلے سے کی گئی منصوبہ بندی، مالی انتظامات اور مستقبل کی توانائی ضروریات سے متعلق صوبائی حکمت عملی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے اپنی سمری میں قومی بجلی پالیسی 2021 کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قومی سطح پر بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے انتخاب، ترجیحات اور پیداواری صلاحیت کے تعین کے لیے اختیار کیے جانے والے معیار اور مفروضوں پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت ضروری ہے۔
صوبائی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 157 کی شق 3 کے تحت مشترکہ مفادات کونسل سے تنازع کے حل کی درخواست کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ 2021 میں منظور شدہ منصوبہ بندی کے معیار کی توثیق کی جائے اور دریائے سوات کے چاروں منصوبوں کو موجودہ اور آئندہ قومی بجلی پیداوار کے منصوبوں میں دوبارہ شامل کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔
یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں بجلی کی پیداواری صلاحیت، توانائی کے مستقبل کے ذرائع اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کو قومی توانائی حکمت عملی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے جیسے معاملات اہمیت اختیار کرچکے ہیں۔ مشترکہ مفادات کونسل میں اس تنازع کے حل سے متعلق ہونے والی پیش رفت دریائے سوات کے مذکورہ منصوبوں کی قومی سطح پر منصوبہ بندی میں حیثیت کے تعین کے لیے اہم ہوگی۔