تاریخ اشاعت: October 10, 2026 - 10:01 AM
Govt Targets Rs 1.5 Trillion in Agricultural Loans by June 2027, Directs Banks to Expedite Housing Financing
جون 2027 تک زرعی قرضوں کا حجم 15 کھرب روپے تک بڑھانے کا حکومتی ہدف، ہاؤسنگ فنانسنگ تیز کرنے کی بھی ہدایت
▫️ وزیر اعظم سے 10 بڑے کمرشل بنکوں کے سربراہان کی ملاقات، ڈویلپرز کیلئے بینکاری فنانسنگ تک رسائی بہتر بنانے کی غرض سے ایک جامع فریم ورک کی تیاری پر بھی مشاورت
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانوفاقی حکومت نے جون 2027 تک زرعی قرضوں کا حجم 15 کھرب روپے تک بڑھانے اور اس سہولت سے مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد 45 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
وفاقی حکومت نے جون 2027 تک زرعی قرضوں کا حجم 15 کھرب روپے تک بڑھانے اور اس سہولت سے مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد 45 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کو مالی وسائل کی فراہمی، زرعی پیداوار میں اضافہ، غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ملک کے 10 بڑے کمرشل بینکوں کے سربراہان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے زرعی قرضوں، وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کیلئے فنانسنگ میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2026 کے اختتام تک زرعی قرضوں کا حجم 13 کھرب 52 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا، جس سے ملک بھر میں تقریباً 34 لاکھ 55 ہزار افراد مستفید ہوئے۔
حکومت نے جون 2027 تک زرعی قرضوں کا حجم 15 کھرب روپے اور مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد 45 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ کاشتکاروں کو زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید طریقہ کاشت اپنانے کیلئے زیادہ مالی وسائل دستیاب ہو سکیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے اور کسانوں کو مناسب مالی سہولتوں کی فراہمی زرعی پیداوار میں اضافے، دیہی آبادی کے معیار زندگی میں بہتری اور ملکی غذائی تحفظ کیلئے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کمرشل بینکوں کو ہدایت کی کہ زرعی قرضوں کی فراہمی میں چھوٹے کسانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے، کیونکہ محدود مالی وسائل اور بینکاری سہولتوں تک ناکافی رسائی کے باعث انہیں اکثر قرضوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے مالیاتی اداروں کو چھوٹے کاشتکاروں تک قرضوں کی سہولت پہنچانے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ وہ زرعی آ لات کی خریداری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے قابل ہو سکیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ فنانسنگ میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ پروگرام کے تحت اب تک 426 ارب روپے کے رہائشی قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، تاہم ان میں سے 76 ارب روپے کی رقم مستحق درخواست گزاروں کو جاری کی گئی ہے۔
مالی سال 27-2026 کیلئے حکومت نے اس پروگرام کے تحت 700 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار رہائشی یونٹس کی تعمیر اور فراہمی میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے منظور شدہ قرضوں اور ان کی حقیقی ادائیگی کے درمیان نمایاں فرق پر توجہ دلاتے ہوئے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کے اجرا کا عمل تیز کیا جائے تاکہ اہل درخواست گزاروں کو بروقت مالی وسائل فراہم کیے جا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے سے وابستہ ڈویلپرز کیلئے بینکاری فنانسنگ تک رسائی بہتر بنانے کی غرض سے ایک جامع فریم ورک کی تیاری پر بھی مشاورت جاری ہے، جس سے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری اور تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے قرضوں کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ اب تک تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار 862 کاروباری افراد کو مجموعی طور پر 11 کھرب 37 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
حکومت نے جون 2027 تک ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کا حجم 15 کھرب روپے تک بڑھانے اور اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے کاروباری افراد کی تعداد 5 لاکھ 65 ہزار تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی ترقی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور معاشی استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کو قرضوں کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے سے انہیں اپنے کاروبار کو وسعت دینے، پیداوار بڑھانے اور قومی معیشت میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
وزیراعظم نے زراعت، ہاؤسنگ اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں قرضوں کی فراہمی بڑھانے کیلئے بینکاری شعبے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ حکومتی اہداف کے حصول کیلئے تعاون مزید مضبوط بنائیں۔
اجلاس میں شریک کمرشل بینکوں کے نمائندوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور ترجیحی شعبوں کیلئے قرضوں کی فراہمی میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حکومت کے مطابق زرعی، رہائشی اور کاروباری قرضوں میں اضافے کے اہداف کا مقصد مالیاتی سہولتوں تک عوام کی رسائی بہتر بنانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور ملک بھر میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنا ہے