اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
وفاقی حکومت نے نجکاری کمیشن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو ضم کرکے ایک ادارہ بنانے کے لیے ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔ مجوزہ قانون کے تحت پرائیویٹائزیشن اینڈ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیشن (PPPPC) قائم کیا جائے گا، جو سرکاری اثاثوں کی نجکاری کے ساتھ بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات سے متعلق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی منظوری، مالی معاملات اور نگرانی کی ذمہ داریاں انجام دے گا۔
بل کے تحت نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 میں ترامیم اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ایکٹ 2017 کو منسوخ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ قانون کی منظوری کی صورت میں موجودہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی تحلیل ہو جائے گی اور اس کے اختیارات نئے کمیشن کو منتقل ہوجائیں گے۔
حکومت کے مطابق دونوں اداروں کے انضمام کا مقصد انتظامی امور میں دہرا پن ختم کرنا، فیصلہ سازی کو مؤثر بنانا اور نجکاری و سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنا ہے۔
مجوزہ کمیشن کی سربراہی موجودہ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کریں گے، جبکہ اس کے بورڈ میں نجی شعبے کے نمائندوں کی اکثریت ہوگی۔ بورڈ میں کم از کم دو خواتین کی شمولیت بھی تجویز کی گئی ہے۔
بل میں چار فنڈز کا انتظام نئے کمیشن کے سپرد کرنے کی تجویز شامل ہے، جن میں نجکاری فنڈ، پبلک کنٹری بیوشن فنڈ، وائبلٹی گیپ فنڈ اور پی پی پی پراجیکٹ ڈویلپمنٹ فنڈ شامل ہیں۔ ان فنڈز کے لیے وفاقی بجٹ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی آمدن سمیت دیگر ذرائع سے رقوم فراہم کی جاسکیں گی۔ مالی سال کے اختتام پر غیر استعمال شدہ رقوم ختم نہیں ہوں گی۔
پبلک کنٹری بیوشن فنڈ سے منصوبوں کے لیے زمین کے حصول، منصوبے کی جگہ حوالے کرنے اور راستے کی فراہمی سمیت حکومت کی متعلقہ ذمہ داریاں پوری کی جاسکیں گی۔
مجوزہ قانون میں وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی فہرست، منظوری کا طریقہ کار، رسک مینجمنٹ یونٹ اور منصوبوں کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کی شقیں بھی شامل ہیں۔
نئے کمیشن کو سرکاری اداروں سے موجودہ، زیر غور اور مجوزہ منصوبوں کی مکمل تفصیلات 15 روز کے اندر طلب کرنے کا اختیار ہوگا، خواہ ان منصوبوں کو باضابطہ طور پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں میں شامل نہ کیا گیا ہو۔
بل کے مطابق سرکاری اور نجی فریقوں کے درمیان طے پانے والے پی پی پی معاہدے عوامی دستاویزات تصور ہوں گے اور متعلقہ قوانین کے تحت دلچسپی رکھنے والے افراد ان کی نقول حاصل کرسکیں گے۔ تاہم معاہدے میں واضح نہ کیے گئے خطرات سے متعلق نجی فریق کے دعووں کی ذمہ داری حکومت یا متعلقہ اداروں پر عائد نہیں ہوگی۔
مجوزہ قانون میں موجودہ اور سابق چیئرمینوں، سیکرٹریوں، بورڈ ارکان، افسران اور کنسلٹنٹس کو نیک نیتی سے کیے گئے اقدامات یا کوتاہیوں کے حوالے سے قانونی کارروائی اور تحقیقات سے تحفظ دینے کی شقیں بھی شامل ہیں۔ اس نوعیت کے مقدمات کے دفاع کے لیے سرکاری فنڈز استعمال کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
بل کی منظوری کی صورت میں موجودہ اتھارٹی کے تمام معاہدے نئے کمیشن کو منتقل ہوجائیں گے، جبکہ ملازمین اور کنسلٹنٹس کو زیادہ سے زیادہ چھ ماہ یا معاہدوں کی مدت ختم ہونے تک، جو بھی پہلے ہو، موجودہ شرائط سے کم فائدہ مند نہ ہونے والی شرائط پر برقرار رکھا جائے گا۔
مجوزہ اصلاحات سے سرکاری اثاثوں کی نجکاری اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، سرمایہ کاری اور نگرانی کا نظام تبدیل ہوسکتا ہے۔ تاہم ان تبدیلیوں کا نفاذ بل کی قانونی منظوری سے مشروط ہوگا۔