لاہور | ری نیوز پاکستان
لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اپیلٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو میں اپیلوں کے طویل التوا اور فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آر کو ٹریبونل کے احکامات پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے، تاکہ ٹیکس دہندگان کو عملی ریلیف مل سکے۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکمِ امتناع کی درخواست کے بغیر دائر اپیلوں کو چار چار سال تک سماعت کیلئے مقرر نہ کرنا ٹیکس دہندگان کیلئے مشکلات کا باعث ہے۔ طویل التوا سے درخواست گزار غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں اور ان کی قانونی پیچیدگیاں بڑھ رہی ہیں۔
ٹیکس بار نے بالخصوص بلیک لسٹنگ اور معطلی کے مقدمات میں ٹریبونل کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ محض فیصلے جاری کرنا کافی نہیں، بلکہ ان کے نتیجے میں ٹیکس دہندگان کو عملی ریلیف بھی ملنا چاہیے۔
ایسوسی ایشن نے حکمِ امتناع کی درخواستوں پر فوری ریلیف کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اپیلوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا جن کے ساتھ حکمِ امتناع کی درخواست دائر نہیں کی گئی۔
لاہور ٹیکس بار نے مطالبہ کیا کہ مقدمات کی سماعت کیلئے واضح ترجیحات مقرر کی جائیں، غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے اور ٹریبونل کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔