تاریخ اشاعت: November 4, 2026 - 4:01 PM
CM Punjab Approves Fresh Applications for Apni Chhat, Apna Ghar Scheme
وزیر اعلیٰ پنجاب نے "اپنی چھت، اپنا گھر سکیم" کیلئے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دیدی
▫️ سکیم کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے جاری، ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل، 62 ہزار 600 مکانات تکمیل کے قریب، قرضوں کی اقساط کی وصولی کی شرح 97.6 فیصد رہی: اجلاس کو بریفنگ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "اپنی چھت، اپنا گھر" ہاؤسنگ پروگرام کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کے آن لائن پورٹل پر 17 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ سکیم کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے جاری کیے گئے، جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ مزید 62 ہزار 600 مکانات تکمیل کے قریب ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ایک لاکھ 71 ہزار 597 مستحقین کو قرض کی دوسری قسط بھی دی جا چکی ہے۔ پروگرام میں قرضوں کی اقساط کی وصولی کی شرح 97.6 فیصد رہی، جبکہ مجموعی طور پر 22 ارب 29 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے حکام کو سکیم کی تکمیل کے اہداف پورے کرنے اور کام میں بروقت پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پروگرام کو بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی پذیرائی ملی ہے۔
دوسری جانب "اپنی چھت، محفوظ چھت" اقدام کے لیے درخواستوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 3,055 درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے دیے گئے، جبکہ 532 گھروں کی تعمیر یا توسیع کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔