ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ 11.5 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کرنے کے فیصلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مہنگے قرضوں سے تعمیراتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے 26 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے اجلاس میں شرحِ سود 50 بیسس پوائنٹس بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا اطلاق 27 اکتوبر سے ہوا۔ دس رکنی کمیٹی کے نو ارکان نے فیصلے کی حمایت کی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، عالمی توانائی کی بلند قیمتوں اور مہنگائی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر شرحِ سود میں اضافہ ضروری سمجھا گیا تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
28 اکتوبر کو سامنے آنے والے ردعمل میں 'آباد' کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا کہ شرحِ سود میں اضافہ پہلے ہی مشکلات کا شکار تعمیراتی صنعت کے لیے مزید مسائل پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی فنانسنگ سے تعمیراتی منصوبوں کی لاگت بڑھے گی، جبکہ ڈیویلپرز کے لیے نئے منصوبے شروع کرنا اور سرمایہ کاری حاصل کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
حنیف گوہر نے خدشہ ظاہر کیا کہ سیمنٹ، سریے اور دیگر تعمیراتی مواد کی لاگت پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں کی تعمیر مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں مشکلات کے اثرات صرف بلڈرز اور ڈویلپرز تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ روزگار، کاروباری سرگرمیوں اور مجموعی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
'آباد' کے چیئرمین نے سٹیٹ بینک سے شرحِ سود میں حالیہ اضافہ واپس لینے اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے قرضوں کی لاگت کم کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ پالیسی ریٹ میں اضافہ ملک بھر میں فنانسنگ کی لاگت پر اثرانداز ہو سکتا ہے، تاہم انفرادی ہاؤسنگ قرضوں اور تعمیراتی منصوبوں پر اس کے حقیقی اثرات متعلقہ بینکوں کے قرض معاہدوں اور شرحِ سود کی شرائط پر منحصر ہوں گے۔