تاریخ اشاعت: October 15, 2026 - 6:01 PM
Balochistan High Court Orders Sariab Road Flyover Redesign and Joint Road Traffic Survey
بلوچستان ہائی کورٹ کا سریاب روڈ فلائی اوور کا ڈیزائن ازسرنو تیار کرنے اور جوائنٹ روڈ کا ٹریفک سروے کرانے کا حکم
▫️ 600 میٹر کا مجوزہ فلائی اوور ناکافی قرار، جیولوجیکل سروے آف پاکستان سے پی ٹی سی ایل ایکسچینج تک جامع اور قابلِ عمل منصوبہ طلب
کوئٹہ | ری نیوز پاکستانبلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ کی سریاب روڈ پر مجوزہ فلائی اوور کے منصوبے کا تکنیکی بنیادوں پر دوبارہ جائزہ لینے اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) سے پی ٹی سی ایل ایکسچینج تک جامع اور قابلِ عمل ڈیزائن تیار کرن...
بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ کی سریاب روڈ پر مجوزہ فلائی اوور کے منصوبے کا تکنیکی بنیادوں پر دوبارہ جائزہ لینے اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) سے پی ٹی سی ایل ایکسچینج تک جامع اور قابلِ عمل ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے رواں مالی سال 27-2026 کے صوبائی ترقیاتی پروگرام میں شامل 600 میٹر کے مجوزہ فلائی اوور کو بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ میں کمی کے لیے ناکافی قرار دیا۔
چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے 13 اکتوبر کو سماعت کے دوران منظور شدہ سکیم اور متبادل تجاویز کی تکنیکی افادیت، لاگت اور ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ کیو ڈی اے دفتر اور مگسی چوک سے جی ایس پی کی طرف جانے والے حصے میں فلائی اوور کے بجائے سڑک کی سطح پر بہتری لائی جائے۔ ٹریفک کی روانی کے لیے سڑک کشادہ کرنے اور موزوں ٹی جنکشن کی تعمیر کو بھی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے۔
سماعت کے دوران متبادل تجاویز کے تحت فلائی اوور کا ابتدائی مقام ہیلپر ہسپتال تک لے جانے کی ضرورت پر بھی غور ہوا، جس سے منصوبے کی لاگت اور ماحولیاتی اثرات بڑھنے کے خدشات سامنے آئے۔
حکام نے عدالت کو بتایا کہ 15 ہزار 140 میٹر طویل سریاب سروس روڈ میں سے 14 ہزار 500 میٹر پر اسفالٹ بیس کورس مکمل ہو چکا ہے، جو تقریباً 96 فیصد بنتا ہے۔ اسفالٹ کی بالائی تہہ بچھانے کا کام آٹھ ہزار 500 میٹر، یعنی تقریباً 56 فیصد حصے پر مکمل ہوا ہے۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ پلوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ برساتی پانی کی نکاسی کے نظام پر 98 فیصد کام ہو گیا ہے۔ کرب اسٹون اور پیورز کی تنصیب کی پیش رفت 33 فیصد ہے۔ بعض مقامات پر رکاوٹوں کے باعث باقی کام متاثر ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی۔
ایک الگ معاملے میں عدالت نے جوائنٹ روڈ پر جامع ٹریفک سروے کرانے کا حکم دیا۔ بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو یہ سروے ایڈووکیٹ جنرل آفس، پاکستان ریلویز اور درخواست گزار کے نمائندوں کی موجودگی میں کرے گا، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل متعلقہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
عدالت نے فلائی اوور اور متعلقہ ترقیاتی کاموں کی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔